بھارت کیلئے ایک سے بڑھ کر ایک شرمندگی کا سامان

مودی سرکار کی جانب سے بالاکوٹ میں مدرسے کو تباہ کیے جانے کی جاری کردہ تصاویر بھی جھوٹی اور کئی برس پرانی نکلیں

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 مارچ 2019 19:22

بھارت کیلئے ایک سے بڑھ کر ایک شرمندگی کا سامان
بالاکوٹ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07مارچ 2019ء) بھارت کیلئے ایک سے بڑھ کر ایک شرمندگی کا سامان، مودی سرکار کی جانب سے بالاکوٹ میں مدرسے کو تباہ کیے جانے کی جاری کردہ تصاویر بھی جھوٹی اور کئی برس پرانی نکلیں۔ بی بی سی اردو کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق مودی سرکار ایک اور جھوٹ بولتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے۔ بھارت کے وزیر شندلیہ گریراج سنگھ کی ایک ٹویٹ حال ہی میں وائرل ہوئی جس میں انھوں نے پاکستانی علاقے بالاکوٹ میں انڈین فضائیہ کی کارروائی سے ہونے والا مبینہ نقصان کی تصاویر دکھائی تھیں۔

گریراج سنگھ نے ایک ہندی نیوز چینل کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں کہا گیا کہ یہ شدت پسند تنظیم جیشِ محمد کا وہ کیمپ ہے جو انڈین فضائیہ کے حملے میں تباہ ہوا۔

(جاری ہے)

وزیر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ تصاویر واضح طور پر دکھا رہی ہیں کہ انڈین فضائیہ نے پاکستان میں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ کو تباہ کر دیا ہے۔‘ اس ویڈیو میں دو سیٹلائٹ تصاویر دکھائی گئیں جن میں سے ایک کے بارے میں کہا گیا کہ وہ حملے سے پہلے یعنی 23 فروری کی ہے اور دوسری حملے کے بعد 26 فروری کو لی گئی ہے۔

اس ویڈیو کو ہزاروں افراد نے شیئر کیا اور یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ بےشمار افراد نے ان سیٹلائٹ تصاویر کو فیس بک، ٹوئٹر اور واٹس ایپ پر یہ کہتے ہوئے شیئر کیا کہ یہ انڈین حملے میں کیمپوں کی تباہی کا ثبوت ہیں۔

تاہم کیمپ کی تباہی کی جو تصاویر بطور گریراج سنگھ اور دائیں بازو کے گروپوں کی جانب سے ثبوت شیئر کی جا رہی ہیں ان میں کئی نقائص ہیں۔

یہ دونوں تصاویر خبر رساں ادارے کی جانب سے بدھ کو شائع کردہ کیمپ کی تصاویر سے بھی مطابقت نہیں رکھتیں۔ جب یہ تصویر گوگل میپس پر تلاش کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ جابہ میں واقع ایک عمارت کی تصویر ہے جو کہ ممکنہ طور پر لڑکیوں کا ایک ہائر سکینڈری سکول ہے۔ تاہم انڈین فضائیہ کی کارروائی کے بعد انڈیا سے تعلق رکھنے والے کچھ انٹرنیٹ صارفین نے اس عمارت کو ایک نیا نام دینے کی کوشش کی اور اسے جیش کا مدرسہ اور تربیتی سکول قرار دے دیا۔

گوگل پر ریورس امیج سرچ کی مدد سے جانچا گیا تو معلوم ہوا کہ مبینہ طور پر حملے کے بعد کا منظر دکھانے والی تصویر انٹرنیٹ پر اس کارروائی سے برسوں پہلے سے موجود ہے۔ بھارتی وزیر کی جانب سے ویڈیو میں شیئر کیے گئے کوارڈینیٹس کی مدد سے معلوم ہوا ہے کہ یہ تصویر ’زوم ارتھ‘ نامی ویب سائٹ سے لی گئی ہے جو کہ ناسا اور مائیکروسافٹ بنگ میپس کی مدد سے نقشہ جات کے سیٹیلائٹ امیج دکھاتی ہے۔

اس ویب سائٹ کے بانی پال نائیو ہیں جو لندن میں قیام پذیر ہیں۔ ان تصاویر کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مذکورہ تصویر بہت پرانی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’صرف ناسا روزانہ کی بنیاد پر نئی تصاویر اپ ڈیٹ کرتا ہے۔ بنگ میپس کی تصاویر روزانہ اپ ڈیٹ نہیں کی جاتیں۔‘ وائرل ہونے والی تصویر کتنی پرانی ہے، اس سوال پر پال کا کہنا تھا کہ ’میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ چند دن یا مہینوں کی بات نہیں یہ برسوں پرانی تصویر ہے۔ میرے خیال میں سیٹیلائٹ تصویر میں دکھائی دینے والی عمارت زیرِ تعمیر تھی۔‘ پال نائیو نے اس بارے میں ٹوئٹر پر بھی پیغام جاری کیا ہے کہ ان تصاویر کا فضائی کارروائی سے کچھ لینا دینا نہیں۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں