پاکستان کشمیر کی آئینی اور دستوری حیثیت کو ختم کرنے کے مودی سرکار کے اقدام کو نہیں مانتا

مذمتوں اور قراردادوں کی بجائے یہ مسئلہ بھارتی حکومت کی مرمت سے ہی حل ہو گا۔ مولانا سید ہدایت الله شاہ

ہفتہ 10 اگست 2019 00:25

مانسہرہ۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2019ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر سابق سینیٹر مولانا سید ہدایت الله شاہ نے کہا ہے کشمیری قوم خودمختار قوم ہے، کشمیر کی آئینی اور دستوری حیثیت کو ختم کرنے کے مودی سرکار کے اقدام کو نہیں مانتے، مذمتوں اور قراردادوں سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا بلکہ اب یہ ان کی مرمتوں سے ہی حل ہو گا، پاک فوج ہمیں ہر موقع پر اپنے ساتھ پائے گی، انشاء الله جمعیت علماء اسلام فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وہ جمعہ کو ملک بھر کی طرح مانسہرہ میں جمعیت علماء اسلام تحصیل مانسہرہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر پر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام تحصیل مانسہرہ کے امیر مولانا قاضی اورنگزیب، مرکزی جامع مسجد کے خطیب مفتی وقار الحق عثمان، ممبر ضلع کونسل ملک نوید، ختم نبوت یوتھ فور س کے صدر عابد لغمانی، مولانا سید امداد الله شاہ، تحصیل جنرل سیکرٹری محمد جاوید رحمانی، کشمیری رہنما فیاض سلہریا، عبدالعزیز استاذ، پیپلز پارٹی کے نائب صدر سلیم قریشی، مولانا سلیم و دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کر دی گئی ہے، کشمیریوں پر کلسٹر بم برسانا عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے، جمعیت علماء اسلام یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے کشمیر کی آئینی حیثیت کو ختم کر دیا اور اقوام متحدہ کی پاس شدہ قرارداد کو بلڈوز کر دیا، بھارت کا مودی پوری دنیا کی آواز کو نظر انداز کر کے کشمیر کی قانونی حیثیت کو ختم کر کے ہندوستان میں ضم کر دیا ہے، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور یہ اقوام متحدہ کا تسلیم شدہ منشور ہے لہٰذا مودی کو چاہئے کہ اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے ورنہ عوام پاکستان متحد ہو کر بھارتی جارحیت کے مقابلہ میں تیار کھڑی ہے اور اس مسئلہ میں جمعیت علماء اسلام افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، اقوام متحدہ اور مسلم ممالک خطہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ہاتھوں مسلمانوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، حقوق انسانیت کی تنظیموں کو چپ کیوں لگ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کی انتہا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، جمعیت علماء اسلام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیریوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو غیر محفوظ کر دیا ہے، مودی کی جانب سے طاقت کے استعمال پر عالم اسلام کو بہت بڑا نقصان ہو گا، عالمی سطح پر کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا وقت ہے، عالم اسلام کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہو۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے میں کامیاب ہو گیا تو پاکستان دنیا میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہو گا۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں