کنگ عبدالله ہسپتال مانسہرہ کو اپ گریڈ کر کے 500 بیڈ کا ہسپتال بنایا جا رہا ہے، 72 کروڑ روپے آلات کی خریداری کیلئے منظور ہو چکے ہیں

مانسہرہ کی خوبصورتی کیلئے 70 کروڑ کے فنڈز سے شہر میں فیملی پارکس میں تزہین و آرائش کا کام کیا جا رہا ہے، بابر سلیم سواتی

پیر 14 اکتوبر 2019 10:35

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ کنگ عبدالله ہسپتال مانسہرہ کو اپ گریڈ کر کے 500 بیڈ کا ہسپتال بنایا جا رہا ہے، ہسپتال کیلئے سعودی عرب سے 72 کروڑ روپے آلات کی خریداری کیلئے منظور کروائے ہیں، آلات کی خریداری کے بعد مریضوں کو ایبٹ آباد ریفر کرنے کا سلسلہ بند ہو جائے گا۔

یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی نے کہا کہ مانسہرہ شہر کو پانی کی فراہمی پر انتخابی وعدہ تھا پہلے ہی سال 6 ارب روپے کے سعودی فنڈ سے واٹر سپلائی سکیم منظور کروائی ہے جس کیلئے ایک ارب 25 کروڑ کا فنڈ اے ڈی پی میں شامل کر لیا گیا ہے، ان کے حلقہ میں چھ سمال ڈیم بنانے کی تجویز تھی، کوٹکے ڈیم کا فنڈ بحال کر کے منصوبہ کو ری ڈیزائن کر کے کام شروع کروا دیا ہے، ہڑیالہ، خوشحالہ ڈیم کا سروے منظور کرا لیا ہے، جابہ ٹاپ کا سروے حکومت نے منظور نہیں کیا، مانسہرہ کی خوبصورتی کیلئے 70 کروڑ روپے منظور کرائے، اس فنڈ سے مانسہرہ شہر میں تین عدد فیملی پارکس میں مزید سہولیات اور تزئین و آرائش کا کام کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع مانسہرہ کے تین صوبائی حلقوں پی کے 30، پی کے 34- اور پی کے 33- میں سیاحت کے فروخ کیلئے عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بڑے پیمانے پر کام شروع کیا جا رہا ہے جس سے سیاحت کو فروغ اور عوام کو روزگار ملے گا۔ بابر سلیم سواتی نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے 64 کروڑ روپے مزید منظور کروائے ہیں، جنگلاں روڈ پر کام شروع کروا دیا ہے، حکومت نے مانسہرہ میں میڈیکل کالج کیلئے ان کی پروپوزل منظور کر کے اس منصوبہ کو نان اے ڈی پی سکیم میں ڈال دیا ہے جس پر کام جاری ہے۔ غازی کوٹ ٹول پلازہ کے حوالہ سے وہ مانسہرہ کے عوام کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں