ہزارہ یونیورسٹی میں تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے طلباء کیلئے امریکہ کے تعلیمی اداروں میں سکالرشپ کی معلومات سے متعلق سیمینار

بدھ 20 نومبر 2019 20:05

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں امریکی قونصلیٹ پشاور کے تعاون سے یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے طلباء و طالبات کیلئے امریکہ کے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیمی مواقعوں و سکالرشپ کی معلومات کے بارے میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

امریکی قونصلیٹ پشاور کے سپیسز منیجر ذیشان خان نے ’’سٹڈی آف دی یونائیٹڈ اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ‘‘ پروگرام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیمینار کا مقصد طلباء و طالبات کو ایس یو ایس آئی کے بارے میں معلومات و تعارف فراہم کرنا ہے تاکہ وہ امریکی حکومت کی طرف سے فراہم کئے جانے والے تعلیمی و تحقیقی مواقعوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہزارہ یونیورسٹی میں دوران تعلیم امریکہ کی یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے سکالر شپس حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

ذیشان خان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور امریکی قونصلیٹ پشاور کے مختلف تعلیمی و تحقیقی پروگراموں اور اس حوالہ سے ہزارہ یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کے بارے میں بتایا۔ وائس چانسلر نے طلباء و طالبات اور سکالرز کیلئے امریکی قونصلیٹ کی کاوشوں کو سراہا اور اعلیٰ تعلیم کیلئے کی جانے والی کوششوں کو مزید مربوط بنانے کا عندیہ دیا۔ ذیشان خان نے وائس چانسلر کو امریکہ کی مختلف ریاستوں کے سیاحتی مقامات کے بارے میں معلوماتی کتاب بھی پیش کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ ہیڈ ڈاکٹر شاکر الله خان و دیگر تعلیمی شعبوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں