پاکستان میں ایک اور بڑا ڈیم تعمیر ہوگا

300 میگا واٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے اہم پیشرفت، حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، منصوبے کیلئے پاکستان کو 300 ملین ڈالرز ملیں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 22 مئی 2021 00:06

پاکستان میں ایک اور بڑا ڈیم تعمیر ہوگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2021ء) پاکستان میں ایک اور بڑا ڈیم تعمیر ہوگا، 300 میگا واٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے اہم پیشرفت، حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، منصوبے کیلئے پاکستان کو 300 ملین ڈالرز ملیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں سستی بجلی کی پیداوار کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔

دہائیوں بعد ملک میں ایک ساتھ کئی بڑے ڈیموں کی تعمیر پر توجہ کی مرکوز کی گئی ہے، اس وقت دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر جاری ہے، جبکہ مزید حکومت ڈیموں کے مزید منصوبوں کے آغاز کیلئے کوشاں ہے۔ اسی سلسلے میں خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقام بالاکوٹ میں 300 میگا واٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے آغاز کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ڈیم کی تعمیر کیلئے حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان فنانسنگ ایگر یمنٹ پر دستخط کئے گئے جس کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک اس منصوبے کی تعمیر کیلئے آسان شرائط پر 300 ملین امریکی ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا۔

اس قرضے کی واپسی کی مدت 27 سال ہو گی ۔ منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے پر کل85 ارب روپے کی لاگت آئے گی اور یہ 6 سالوں کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کے حوالے سے صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ عنقریب قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا اور توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

منصوبے کی تعمیر کے دوران روزگار کے 1200 سے زائد مواقع پیدا ہوں گے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں انرجی سکیورٹی کو یقینی بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی اور صارفین کو سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم ہو سکے گی۔ یہ منصوبہ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرکے موسمیاتی تبدیلیوں سے سامنے آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موجودہ حکومت کے وژن کا اہم حصہ ہے ۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں