جولائی کے مہینے میں برفباری، مشہور سیاحتی مقام کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا

بھارت سے آنے والے مون سون سلسلے کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش، شمالی علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، کئی علاقوں میں برفباری کے بعد موسم سرد ہو گیا

muhammad ali محمد علی پیر 12 جولائی 2021 23:57

جولائی کے مہینے میں برفباری، مشہور سیاحتی مقام کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا
کاغان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2021ء) جولائی کے مہینے میں برفباری، مشہور سیاحتی مقام کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا، بھارت سے آنے والے مون سون سلسلے کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش، شمالی علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، کئی علاقوں میں برفباری کے بعد موسم سرد ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ داخل ہونے کے بعد جہاں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، وہیں کچھ علاقوں میں برفباری ہوئی اور سردی کا موسم لوٹ آیا۔

بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز خیبرپختونخواہ کے مشہور سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ نے برف کی چادر اوڑھ لی، علاقے کا درجہ حرارت منفی ہو جانے کی وجہ سے موسم سرد ہو گیا۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی۔ گلگت بلتستان اور خیبرپختوںخواہ کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے ندی، نالوں اور دریاوں میں اس وقت سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ حکام الرٹ ہیں۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب میں بارشوں کے اسپیل میں شدت آگئی، جس کے باعث سیلاب کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 12 جولائی سے ملک کے شمالی حصوں میں مون سون کی شدت میں اضافہ دیکھا جائے گا اور 10جولائی سے 14جولائی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دن اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک،چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، گجرانوالہ، حافظ آباد اور لاہور سمیت شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، فیصل آ باد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودہا، میانوالی، بھکر اور لیہ میں 10 سے 14 جولائی تک تیز بارشوں کا امکان ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ مون سون بارشیں پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتیں ہیں جب کہ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ اور فیصل آ باد میں 12سے 14جولائی کے دوران تیز بارش کے سبب شہری سیلاب کے خطرات ہیں، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی انتظامات کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں جب کہ عوام وہ بارش کے دوران گھر وں کے اندر اور باہر احتیاط برتیں، برقی تنصیبات اور خستہ حال عمارات سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں