اوگی، بٹل مین شاہراہ تباہ حال ہونے کے باعث مسافر شدید پریشانی کا شکار

بدھ 26 ستمبر 2018 14:45

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) اوگی۔ بٹل مین شاہراہ تباہ حال ہونے کے باعث مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں، سمدھڑہ، کٹھائی، اہل، بٹل اور دیگر علاقوں کی ہزاروں آبادی کی آمدورفت اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نامزد وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم خان سواتی کے آبائی گائوں سے گذرنے والی سڑک نے ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے ہیں۔

اوگی کے کسان کونسلر سیٹھ الطاف نے سڑک کی صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اوگی بٹل سڑک پر ہزاروں کی آبادی کی آمدورفت ہے مگر سڑک مونجو داڑھو کے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے، سڑک میں اتنے کھڈے بنے ہوئے ہیں کہ گاڑیوں میں اچھل کود سے کلیجہ منہ کو آتا ہے۔

(جاری ہے)

بیمار لوگ اس سڑک کی ناگفتہ بہ حالت زار کے سبب ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر راستہ میں ہی دم توڑ جاتے ہیں۔

سڑک کی تباہ حالی سے ڈرائیور بھی کماتے کم اور خرچ زیادہ کرتے ہیں، ماضی کے منتخب نمائندوں نے بھی اس سڑک کو لاوارث چھوڑا ہوا تھا جس کا خمیازہ آج پورا علاقہ بھگت رہا ہے۔ انہوں نے سینیٹر اعظم خان سواتی پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقہ کی عوام پر ترس کھائیں، جو لوگ اس سڑک پر آباد ہیں یہ ان کا جرم نہ بنایا جائے، غریب لوگ اس سڑک کے ہاتھوں کئی سالوں سے سفر کے نام پر ذلیل و خوار ہو رہے ہیں مگر کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں