سیاحتی مقام بٹہ کنڈی کے قریب برفانی تودا گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا

منگل 13 نومبر 2018 15:20

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) موسم سرما کی دوسری برف باری کے موقع پر شکار کیلئے جانے والے افراد پر سیاحتی مقام بٹہ کنڈی کے قریب برفانی تودا گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، دو افراد اپنی جانیں بچانے میں کامیاب رہے، وقوعہ کی اطلاع کے بعد دور دراز سے سینکڑوں افراد نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد تودے تلے دب کر جاںبحق ہونے والے کانڈل ہاڑی پھاگل کے رہائشی محمد بشیر ولد ملک امان کی نعش برآمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سیاحتی مقام بٹہ کنڈی کے قریب برفانی تودے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے، جاں بحق ہونے والے شخص کی محمد بشیر ولد ملک امان کے نام سے شناخت ہوئی ہے جو کانڈل باڑی پھاگل کا رہائشی اور محکمہ زراعت کا ملازم بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شکار کی نیت سے جانے والے شخص کے ہمراہ مزید دو افراد بالائی پہاڑی و برفانی علاقہ کی جانب گئے تھے۔

بٹہ کنڈی کے قریب پہاڑی برفانی تودہ وہاں سے گذرنے والے افراد پر اچانک آ گرا جن میں سے دو افراد بھاگ کر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ زندہ بچ جانے والے افراد نے مقامی و دور افتادہ آبادی والے علاقوں میں اطلاع دی اور سینکڑوں افراد نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، کئی گھنٹوں کی مشقت کے نعش تودے سے نکال باہر کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کا نام محمد بشیر ولد ملک امان بتایا جاتا ہے جو کاغان سے ملحقہ علاقہ کانڈل ہاڑی پھاگل کا رہائشی ہے جس کی نعش آبائی علاقہ الائی بھجوا دی گئی ہے جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اسے سپرد خاک کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں