کشمیر کے ساتھ ہماری ثقافتی، دینی اور جذباتی وابستگی ہے، جغرافیائی سرحدوں کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، مفتی کفایت الله

ہفتہ 17 اگست 2019 12:54

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے امیر مفتی کفایت الله نے کہا ہے کہ کشمیر کے ساتھ ہماری ثقافتی، دینی اور جذباتی وابستگی ہے، پاکستان کے جغرافیائی سرحدوں اور نظریاتی اساس کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ وہ گذشتہ روز یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اصولوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے کی بجائے کشمیری عوام کے خلاف عسکری جارحیت عالمی برادری کے انصاف پسندی پر ایک سوالیہ نشان ہے، حالیہ بھارتی اقدام کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی کوشش ہے۔

مفتی کفایت الله نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت کا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اور قومی موقف سے روگردانی سقوط ڈھاکہ سے بڑا سانحہ ہو گا، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے تحریک پاکستان کے جذبہ کی ضرورت ہے، پاکستا ن کی سالمیت اور تحفظ کیلئے کشمیر کی آزادی ضروری ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت تاریخی حقائق سے منہ موڑ کر اندھا دھند طاقت کا استعمال کر کے آگ سے کھیل رہا ہے جو عالمی امن کیلئے خطرہ اور تاریخی المیہ کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جس طرح قوم متحد ہے اسی طرح دینی تشخص کی بقاء اور داخلی مسائل اور بحرانوں کے حل کیلئے بھی متحد ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کے بنیادی حقوق، تشخص اور جغرافیہ کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزشت نہیں کیا جائے گا۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں