مانسہرہ میں کروڑوں روپے کی 87 کنال قیمتی اراضی جعلی بوگس انتقال کے ذریعہ ہتھیانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

تحصیلدار محمد تاج اور گرداور نوید اختر کو جبری ریٹائرمنٹ پر بھیج دیا گیا، پٹواری فرخ محمود ملازمت سے برطرف

ہفتہ 18 اگست 2018 22:58

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) مانسہرہ میں کروڑوں روپے کی 87 کنال قیمتی اراضی جعلی بوگس انتقال کے ذریعہ ہتھیانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، تحصیلدار محمد تاج اور گرداور نوید اختر کو جبری ریٹائرمنٹ پر بھیج دیا گیا، پٹواری فرخ محمود کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا، سابق سرکل آفیسر اینٹی کرپشن شاہ جہان خان جو اب ایس ایچ او بالاکوٹ تعینات ہیں، کے خلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 2016ء میں سانڈے سر کے رہائشی ارسلہ خان جو ملائیشیا میں ہے، کی جگہ کسی دوسرے ہم نام شخص کو پیش کر کے اس کی 87 کنال اراضی کا انتقال کروا لیا گیا جس میں حلقہ پٹواری فرخ محمود، گرداور نوید اختر، تحصیلدار محمد تاج شامل تھے۔ اینٹی کرپشن سرکل آفیسر نے مبینہ مک مکا کر کے معاملہ کو ٹھکانے لگا دیا۔ 10 کروڑ سے زائد کی قیمتی جائیداد کے جعلی انتقال سکینڈل کی انکوائری اے ڈی سی سیف السلام نے کی جس کے بعد واضح ثبوت ملنے پر جعلی انتقال میں ملوث پٹواری فرخ محمود کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے جبکہ تحصیلدار محمد تاج اور گرداورہ نوید اختر کو جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا ہے، سرکل آفیسر کے خلاف بھی انکوائری شروع کئے جانے کا امکان ہے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں