بالاکوٹ نجی سکول میں کرنٹ لگنے سے 4ہلاکتوںکا واقعہ، سکول پرنسپل اور واپڈا حکام کے خلاف مقدمہ درج، سکول پرنسپل گرفتار

بدھ 19 ستمبر 2018 22:55

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) تحصیل بالاکوٹ کیسکول میں کرنٹ لگنے کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ بالاکوٹ میں سکول پرنسپل اور واپڈا حکام کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ 18 ستمبر کو پیش آنے والے واقعہ میں تین بچے اور ٹیچر کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔تینوں بچوں اور استاد کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ بالا کوٹ میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں اسکول پرنسپل اور واپڈا افسران کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا، جس کے بعد پولیس نے اسکول پرنسپل کو حراست میں لے لیا۔اس سے قبل خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مانسہرہ کو تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش کا کہنا تھا کہ جلد از جلد ذمہ داروں کا تعین کر کے سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

واقعہ پر مشیر تعلیم کی جانب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ 18 ستمبر کو مانسہرہ کے علاقے کیوائی میں غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے اسکول میں تین بچے اور ٹیچر کرنٹ لگنے سے جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ موصول اطلاعات کے مطابق بچے صبح سویرے اسمبلی کے لیے پول پر جھنڈا لگا رہے تھے کہ لوہے کا پول اوپر سے گزرنے والے بجلی کے تار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں حادثہ رونما ہوا۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں