وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مانسہرہ سے بابر سلیم سواتی کو صوبائی کابینہ کا حصہ بنائیں، حاجی سعید خان

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:16

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنما حاجی محمد سعید خان آف کالج دوراہا نے کہا ہے کہ مانسہرہ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنما بابر سلیم خان کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائے، صوبائی کابینہ میں مانسہرہ سے پی ٹی آئی کی نمائندگی بالکل بھی نہیں ہے، مانسہرہ کے لوگوں نے اس مرتبہ پی ٹی آئی پر اعتماد کیا ہے، پی ٹی آئی کو بھی انہیں اس سلسلہ میں مایوس نہیں کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بابر سلیم خان نے مانسہرہ میں تحریک انصاف کو فعال کرنے اور نوجوانوں میں جماعت کو مقبول بنانے کیلئے اپنے تن من دھن کی قربانی دیتے ہوئے دن رات کام ہے جس کا ثبوت مانسہرہ سے بھاری اکثریت سے ان کا ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوا ہے، پی ٹی آئی نے پہلی مرتبہ مانسہرہ سے نشستیں حاصل کی ہیں، اس علاقہ کو مسلم لیگ (ن) کا گڑھ سمجھا جاتا تھا، یہاں سے منتخب رکن اسمبلی کو صوبائی کابینہ میں شامل نہ کرنا بہت بڑی زیادتی ہو گی، ہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی کو صوبائی کابینہ کا حصہ بنائیں تاکہ یہاں کی محرومیوں کا بھی خاتمہ ہو سکے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں