وزیر اعظم پاکستان کے ’’کلین اینڈ گرین پاکستان‘‘ وژن کے مطابق ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا

ہزارہ یونیورسٹی قدرتی طور پرسرسبز و شاداب حیثیت رکھتی ہے، اس کے اندر بے شمار سایہ دار اور پھلدار درخت موجود ہیں، وائس چانسلر

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:50

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم پاکستان کے ’’کلین اینڈ گرین پاکستان‘‘ وژن کے مطابق ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ ٹورازم اینڈ ہاسپٹلٹی ڈیپارٹمنٹ کے زیرانتظام کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں یونیورسٹی کے طلباء و طالبات، سکالرز اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ گرین و صاف پاکستان مہم کے تحت وزیراعظم پاکستان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی ہدایات کی روشنی میں کئی طرح کے پروگرام ترتیب دیئے گئے۔

اس سلسلہ کے پہلے اور افتتاحی پروگرام کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفسیر ڈاکٹر محمد ادریس تھے۔ انہوں نے صفائی مہم میں خصوصی طور پر شرکت کی، یہ مہم یونیورسٹی کے ٹورازم اینڈ ہاسپٹلٹی ڈیپارٹمنٹ سے شروع ہو کر ایڈمنسٹریشن بلاک، گرین لان اور مین گیٹ سے ہوتے ہوئے کیفے ٹیریا اور ایڈمنسٹریشن بلاک پر اختتام پذیر ہوئی، مہم میں یونیورسٹی کے سکالرز اور طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی، مہم کا اختتام ملٹی پرپس ہال پر ہوا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت مختلف تقاریب اور سرگرمیاں سر انجام دی جائیں گی، اسلام ہمیں صفائی کا درس دیتا ہے، حضورؐ نے 1400 سال قبل ہمیں عملی طور پر کر کے دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے جس کو ہر انسان اپنی زندگی کا حصہ بنائے، صاف ستھرا ماحول ذہنی سرگرمیوں اور صلاحیتوں میں وسعت کا ذریعہ ہوتا ہے اور صاف ستھرے ماحول میں انسان تسکین محسوس کرتا ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی قدرتی طور پرسرسبز و شاداب حیثیت رکھتی ہے، اس کے اندر بے شمار سایہ دار اور پھلدار درخت موجود ہیں جبکہ ارد گرد کا قدرتی، ماحول، پہاڑ اور دریائے سرن اس کی خوبصورتی، دلکشی اور شادابی میں اضافہ کرتے ہیں، سردیوں کے موسم میں پہاڑوں پر برف باری بھی قدرتی نعمتوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں کے دوران بیوٹی فکیشن مہم کے تحت یونیورسٹی میں ہزاروں کی تعداد میں پھلدار، پھولدار، سایہ دار درخت اور پودے لگائے گئے ہیں جس کی بدولت اس کی خوبصورتی میں مزید نکھار آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہماری کوشش ہے کہ نہ صرف یونیورسٹی کے اندر کلین اور گرین پاکستان مہم کے تحت سرگرمیاں سرانجام دی جائیں بلکہ ضلع مانسہرہ کے مختلف شہروں اور علاقوں میں یونیورسٹی کے اساتذہ، ملازمین، طلباء اور سکالرز کلین اور گرین پاکستان مہم کے تحت حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی اس مہم جس کا آج آغاز کر دیا گیا ہے، اس کو بتدریج ضلع مانسہرہ کے مختلف علاقوں تک وسیع کیا جائے گا تاکہ معاشرے کے ہر فرد کو کلین اینڈ گرین پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہو کیونکہ کلین اور گرین پاکستان آنے والے وقتوں کیلئے ہمارے ملک کی ضرورت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا اور قدرتی ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں جس میں اب یونیورسٹی کے اساتذہ، طلباء و طالبات اور ملازمین بھی حصہ ڈال رہے ہیں، انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی ملک کی گرین یونیورسٹی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی اس حیثیت میں مزید بہتری اور وسعت لانے کیلئے تواتر کے ساتھ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر عارف اقبال عمر کنوینر بیوٹی فکیشن کمیٹی اور محمد عالم ہیڈ ٹورازم اینڈ ہاسپٹلٹی ڈیپارٹمنٹ نے بھی کلین اینڈ گرین پاکستان کی افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں