مانسہرہ شہر کیلئے گریوٹی فلو سکیم اور بالاکوٹ کیلئے سوئی گیس فراہمی کا منصوبہ ہماری کوششوں کا نتیجہ ہے، صالح محمد خان

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:37

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) مانسہرہ سے رکن قومی اسمبلی حاجی صالح محمد خان نے کہا ہے کہ شہر کیلئے ساڑھے چار اب روپے کی گریوٹی فلو سکیم اور بالاکوٹ کو سوئی گیس کی فراہمی کا منصوبہ ان کی اور رکن صوبائی اسمبلی سلیم خان کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ وہ جمعہ کو مانسہرہ میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرکز سے ہم نے گریوٹی فلو سکیم کی منظوری حاصل کی ہے، بالاکوٹ، گڑھی حبیب الله، بسیاں، شوہال اور حسہ کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے سروے کا آغاز کر دیا ہے، جلد ہی وزیراعظم سے ملاقات کر کے علاقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے مزید ترقیاتی سکیموں کی منظوری لیں گے۔

حاجی صالح محمد خان نے کہا کہ سابق رکن صوبائی اسمبلی ان سکیموں کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، اگر انہوں نے گریوٹی فلو سکیم کی منظوری لی بھی تھی تو اتنی بڑی سکیم کے بارے میں عوام اور میڈیا کو کیوں نہیں آگاہ کیا تھا، چند لاکھ روپے کی گلیوں کی سکیموں کے افتتاح اور فوٹو سیشن ہوتے رہے اور اربوں روپے کی سکیموں کو خفیہ رکھنے کا کیا مقصد تھا۔ انہوں نے کہا انہیں کریڈٹ لینے کا کوئی شوق نہیں ہے، عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں اور یہ حل کر کے دکھائیں گے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں