اورکزئی ماڈل سکول کے طالب علم حامد خان نے پا کستان پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا

پیر 17 دسمبر 2018 19:14

مانسہرہ۔ 17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے زیر انتظام قائم اورکزئی ماڈل سکول کے 7ویں کلاس کے طالب علم حامد خان سواتی نے کمیٹی گراؤنڈ ہریپور میں منعقدہ پاکستان پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اورکزئی ماڈل سکول کے جوانسال طالب علم اور یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ آفیسر عابد رفیق کے فرزند حامد خان سواتی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل میں طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔

(جاری ہے)

حامد خان سواتی نے حریف باکسر کو تیسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کی۔مذکورہ ٹائٹل کے حصول کے لئے پاکستان بھر سے نوجوان باکسروں نے شرکت کی ۔ہزارہ یونیورسٹی کے ملازمین نے عابد رفیق کو ان کے بیٹے کی باکسنگ کے میدان میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ حامد خان سواتی مستقبل میں بھی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھے گا۔ٹرانسپورٹ آفیسر عابد رفیق نے اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد ادریس کی کاوشوں کو سراہا جو یونیورسٹی میں تعلیمی تحقیقی تخلیقی سرگرمیوں میں وسعت اور بہتری لانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کی بھی سرپرستی کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں