مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمد سجاد اعوان کا ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس سے ملاقات کے دوران تعمیراتی منصوبوں کے حوالہ سے بات چیت

بدھ 17 اپریل 2019 23:59

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) رکن قومی اسمبلی محمد سجاد اعوان نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی کے تعمیراتی منصوبوں کے حوالوں سے امور زیر بحث لائے گئے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء و طا لبات کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی صوبہ کی دوسری بڑی جامعہ ہے، صوبہ کے دیگر اضلاع اور آزاد کشمیر کے بے شمار طلباء و طالبات یہاں زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں بہتری اور وسعت کی بدولت کثیر تعداد میں طلباء و طالبات اور سکالرز ہر سمسٹر میں اپنے آپ کو تعلیمی سلسلہ سے منسلک کرتے ہیں جو ہماری کارکردگی اور معیار ی تعلیم کے حوالہ سے اقدامات اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک پر واقع ہونے کی بدولت ہزارہ یونیورسٹی ملکی سطح پر اہم مقام حاصل کر چکی ہے جو یونیورسٹی کے طلباء و طالبات، اساتذہ ملازمین اور اس علاقہ کے عوام کیلئے اعزاز کی بات ہے۔

محمد سجاد اعوان نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے مکمل ہونے والے 8 اکیڈیمک بلاکس کا بھی معائنہ کیا، اس منصوبہ پر 66 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں جو ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی ملک کا ایک بڑا تعلیمی و تحقیقی ادارہ ہے اور آنے والے وقتوں میں یہ ادارہ تعمیر و ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔ انہوں نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کی مزید تعمیر و ترقی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں