سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی چھتر پلین میں کارروائی ، کالعدم تنظیموں کے دو دہشتگرد گرفتار

جمعہ 19 اپریل 2019 17:19

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مانسہرہ کے علاقے چھتر پلین میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، میڈیا رپورٹ کے مطابق مانسہرہ کے علاقے چھترپلین میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے دو خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن میں سے ایک کا تعلق تحریک طالبان پاکستان اور دوسرے کا تعلق داعش سے ہے۔

گرفتار دہشت گردوں میں ایک تحریک طالبان کا کمانڈر عظیم جان عرف قاری خاکسار ہے جس کا تعلق تورغر سے ہے جبکہ دوسرے دہشت گرد محمد انور کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔دہشت گردوں کو ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے مضافات سے گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد عظیم جان کراچی، سوات اور شانگلہ میں ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا، وہ خودکش بمباروں کا ٹرینر ہے اور کئی حملے بھی کروا چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ عظیم جان کا گروپ امریکی صحافی ڈینئل پرل کے اغوا اور قتل میں بھی ملوث تھا، جب کہ اس گروپ نے ہزار گنجی کوئٹہ میں بھی دھماکا کیا تھا جس میں 143 افراد شہید ہوئے تھے۔گرفتار ہونے والے دوسرے دہشت گرد انور کا تعلق داعش سے ہے، انور پشاور ڈائیو و ٹرمینل پر حملے اور تین پولیس اہلکاروں کے قتل میں مطلوب تھا۔ دونوں دہشت گردوں کو چند روز قبل گرفتار ہونے والے ملزمان کی نشان دہی پرگرفتار کیا گیا۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں