آئس استعمال کے خلاف ہزارہ یونیورسٹی میں منعقدہ واک میں ایڈیشنل ایس پی ہیڈ کوارٹرز کی شرکت

پیر 22 اپریل 2019 23:53

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) ایڈیشنل ایس پی ہیڈ کواٹرز مانسہرہ مختیار احمد کی منشیات خصوصاً آئس کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلہ میں ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء کے ہمراہ آگاہی واک کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خلاف سوموار کو ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ایس پی ہیڈ کواٹرز مانسہرہ مختیار احمد، میجر شرین، پرو وائس چانسلر منظور حسین شاہ، اسسٹنٹ رجسٹرار سجاد خان کے علاوہ یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

آگاہی واک ملٹی پرپز ہال سے شروع ہو کر مین گیٹ یونیورسٹی پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

واک کے دوران یونیورسٹی کے طلباء اور طلبات نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے استعمال کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔ ایڈیشنل ایس پی ہیڈ کواٹرز مختیار احمد نے آگاہی واک میں شریک طلباء اور طالبات کو منشیات کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اپنے خطاب میں ایڈیشنل ایس پی ہیڈ کواٹرز کا کہنا تھا کہ نشہ انسان کو دیمک کی طرح آہستہ آہستہ کھا جاتا ہے، بدقسمتی سے ہماری نوجوان نسل منشیات کے استعمال سے براہ راست متاثر ہو رہی ہے، مانسہرہ پولیس منشیات کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، طلباء و طالبات خود بھی منشیات سے دور رہیں اور اپنے دوستوں کو بھی منشیات کے نقصانات سے آگاہ کر کے منشیات کے استعمال کو چھڑوانے میں مدد کریں۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں