محکمہ تعلیم میں 36 سالہ خدمات سرانجام دینے والے پی ای ٹی محمد طارق ریٹائرڈ ہو گئے

بدھ 24 اپریل 2019 23:59

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) محکمہ تعلیم میں 36 سالہ خدمات سرانجام دینے والے پی ای ٹی محمد طارق ریٹائرڈ ہو گئے، پی ای ٹی کی پوسٹ پر محکمہ تعلیم ضلع مانسہرہ میں مختلف مقامات پر خدمات سرانجام دیں، گورنمنٹ ہائی سکول سنگڑ کے ہیڈ ماسٹر بختیار خان اور سکول سٹاف نے ان کی شاندار تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں ہیڈ ماسٹر بختیار خان، سکول سٹاف اور مقامی معززین و طلباء نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے مقررین نے کہا کہ تعلیم ایک مقدس پیشہ ہے جس سے منسلک تمام افراد معاشرے کی ترقی اور نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ درس و تدریس پیشہ پیغمبری ہے اور اس سے وابستہ افراد بجا طور پر معماران قوم کہلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے ماہر تعلیم اور سکول ہذا سے ریٹائرڈ ہونے والے محمد طارق پی ای ٹی کی تعلیمی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد طارق ایک مخلص، ایماندار اور سچے انسان ہیں جنہوں نے اپنی پیشہ وارانہ خدمات انتہائی ایمانداری سے سرانجام دیں، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے ہر سطح پر تعلیم اور طلباء کی ترقی میں نمایاں اور مثبت کردار ادا کیا ہے، ہمیشہ اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور دیانت داری سے ادا کئے، اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک مخلص اور قابل اعتماد ساتھی کے حیثیت سے بھی ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ تقریب کے آخر میں ہیڈ ماسٹر بختیار خان نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ ریٹائرڈ ہونے والے محمد طارق نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا انہیں فخر ہے کہ انہوں نے محکمہ پولیس کی بجائے درس و تدریس جیسے عظیم پیشہ سے اپنی وابستگی رکھی۔ انہوں نے اپنی خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے الله تعالیٰ سے تعلیم اور طلباء کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں