کمشنر ہزارہ کی بفہ پکھل میں کھلی کچہری

محکموں کے افسران کا کام صرف تنخواہیں لینا نہیں، خلوص اور ایمانداری سے فرائض منصبی ادا کرنا بھی ہے، ظہیرالاسلام شاہ

جمعہ 26 اپریل 2019 14:47

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیرالاسلام شاہ کی جانب سے تحصیل بفہ پکھل میں کھلی کچہری کا انعقاد ہوا۔ کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے خلاف شکایات کے انبار لگ گئے۔ محکمہ صحت، انہار، پولیس، ٹی ایم اے، سی این ڈبلیو اور پبلک ہیلتھ کے خلاف سب سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں۔ کمشنر ہزارہ نے موقع پر سرکاری محکموں کے ضلعی افسران کو فوری مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کمشنر ہزارہ سید ظہیرالاسلام نے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بفہ پکھل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ڈپٹی کمشنر مانسہرہ محمد ضیاء الحق، ضلع ناظم سردار سید غلام، محکمہ تعلیم اور صحت کے ضلعی افسران کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران، ٹی ایم او بفہ کے افسران و اہلکاران، ممبران ضلع و تحصیل کونسل، ناظمین، کونسلرز، سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس آفیسر پولیس زیب الله خان، ڈی ایس پی سرکل شنکیاری اور ایس ایچ او تھانہ بفہ نے بھی شرکت کی۔ کھلی کچہری میں ناظم بفہ خورد رئیس خان نے بفہ ہسپتال کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ عالیشان عمارت اور جدید مشینری سے لیس ہونے کے باوجود ہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی عدم موجودگی سے عوام کو صحت کے حوالہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، سڑکوں اور بفہ دریائے پل کی عدم تعمیر سے بھی کمشنر کو آگاہ کیا۔

سماجی شخصیت حاجی رستم خان نے سوئی گیس پائپ لائن بچھانے سے بجوری خواجہ خیلی کٹھہ واٹر چینل سے زرعی اراضی کو سیراب کرنے میں دشواری کے حوالہ سے توجہ مبذول کرائی۔ ناظم بفہ کلاں عمر زیب خان نے ٹی ایم او بفہ کے قیام پر ٹی ای او مانسہرہ کی جانب سے فنڈز اور دیگر حقوق کی منتقلی میں عدم دلچسپی پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ان کا حق نہیں دیا جا رہا ہے جبکہ درجنوں درجہ چہارم ملازمین کو ٹی ایم اے بفہ مانسہرہ سے بھیج دیتے ہیں۔

انہوں نے 14 کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والے ترنگڑی صابر شاہ پل میں کرپشن اور ناقص مٹیریل کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ ناظم عنایت آباد حاجی جاوید اقبال نے 7 سال قبل عنایت آباد کے عوام کے لئے واٹر سپلائی سکیم مکمل ہونے اور تاحال عوام کو اس سہولت سے مستفید نہ کرنے پر توجہ مبذول کرائی۔ اس موقع کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے کہا کہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کا کام صرف تنخواہیں لینا نہیں بلکہ خلوص ، ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنے فرائض منصبی ادا کرنا بھی ہے، اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود اور مسائل کو حل کرنا اولین ترجیحات ہیں، ہم تمام ملازمین عوام کے ٹیکسوں کی بدولت تنخواہ لے رہے ہیں، عوامی خدمت اپنا شعار بنانا ہو گا۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں