پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، مولانا ناصر محمود

منگل 20 اگست 2019 21:41

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کے جنرل سیکرٹری مولانا ناصر محمود نے کہا ہے کہ تحریک آزادی میں ہمارے اکابرین نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، تحریک آزاد میں علماء کرام کا کردار بے مثال ہے۔ وہ منگل کو یہاں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک پرمشکل وقت آیا یہی دینی مدارس کے چشم چراغ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ چلے ہیں اور اب بھی ان کے شانہ بشانہ ہوں گے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے انسانیت کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، اقوام متحدہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کا ساتھ دے، بھارتی جارحیت کے خلاف عالم اسلام کو میدان میں آنا ہو گا اور ایک اسلامی بلاک بنا کر کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنی چاہئے، کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مولانا ناصر محمود نے کہا کشمیری بھائی بھوک سے مر رہے ہیں، کشمیر کے مسلمانوں کی زندگی تباہ و برباد ہو گئی ہے، کشمیری بھائی بھارت کا ظلم و ستم برداشت کر رہے ہیں لیکن بھارتی تسلط کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، مودی سرکار نے خطہ کا امن تباہ کر کے رکھ دیا ہے، مودی سرکار کو کشمیر میں منہ کی کھانا پڑے گی، جمعیت علماء اسلام کا ہر کارکن کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں