ڈی ایف سی مانسہرہ نے تاجروں کے مطالبہ پر مانسہرہ میں سستا آٹا کے سیل پوائنٹس کی تعداد 85 کر دی

ضلع کے عوام سستے آٹا سے استفادہ کریں، نئے سیل پوائنٹس سے عوام کو آسانی کے ساتھ آٹا دستیاب ہو سکے گا‘ شاد محمد

ہفتہ 4 اپریل 2020 23:52

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مانسہرہ شاد محمد نے تاجروں کے مطالبہ پر ضلع مانسہرہ میں سستا آٹا کے سیل پوائنٹس کی تعداد 63 سے بڑھا کر 85 کر دی جہاں پر 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا 808 روپے میں دستیاب ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اور ڈی ایف سی کی جانب سے ضلع بھر میں سستے آٹا کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کے سبب ضلع کے اندر پنجاب کا آٹا بھی سستا فروخت ہو رہا ہے، اس سلسلہ میں ایوان تجارت مانسہرہ کے عبوری صدر بشیر لالہ، سینئر نائب صدر ملک بشیر، نائب صدر حاجی شفیق الرحمن، جنرل سیکرٹری خالد سواتی، جوائنٹ سیکرٹری ملک مظفر اور سیکرٹری اطلاعات شوکت تنولی پر مشتمل وفد نے ڈی ایف سی شاد محمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات میں سستے آٹے کے سیل پوائنٹس کے تعداد میں اضافہ اور قصابوں کی دکانوں میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

(جاری ہے)

تاجر تنظیم کے مطالبہ پر ڈی ایف سی نے مانسہرہ شہر اور اوگی، بالاکوٹ اور بفہ سمیت دیگر تمام شہروں میں سستے آٹا کے سیل پوائنٹس کی تعداد کو 63 سے بڑھا کر 85 کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے عوام سستے آٹا سے بھرپور استفادہ کریں، حکومت ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کے نتیجہ میں خدا کے فضل سے تمام اہم جگہوں پر سیل پوائنٹس قائم اور لوگوں کو آٹا سستے داموں مل رہا ہے، نئے سیل پوائنٹس قائم کرنے سے عوام کو مزید آسانی کے ساتھ آٹا دستیاب ہو سکے گا۔

انہوں نے قصابوں کو اپنی دکانوں میںگوشت کو اندر لٹکانے، ڈھانپنے اور باہر سے جالیاں لگانے کی بھی سختی سے ہدایت کی اور کہا کہ جو کوئی بھی قواعد و ضوابط کی پاسداری نہیں کرے گا تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے اندر سستے آٹے کی ترسیل سے پنجاب کا آٹا بھی بتدریج سستا ہو رہا ہے، جلد پنجاب آٹے کی قیمت فی 20 کلوگرام 1000 روپے سے بھی نیچے آ جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں