مانسہرہ،ڈی پی او کی زیر صدارت ڈی ایس پیز ، ایس ایچ اوز اور تفتیشی سٹاف کے ساتھ ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد

مختلف مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے،منشیات فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈان شروع کیاجائے،ڈی پی او آصف بہادر کی ہدایت

منگل 15 جون 2021 19:42

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ آصف بہادر (پی ایس پی)کی زیر صدارت ضلع مانسہرہ کے تمام ڈی ایس پیز ، ایس ایچ اوز اور تفتیشی سٹاف کے ساتھ ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقادکیاگیا۔ماہانہ کرائم میٹنگ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا۔میٹنگ میں ایس۔پی انوسٹی گیشن مانسہرہ حافظ جانس خان ، ایڈیشنل ایس۔

پی ہیڈ۔کواٹرز جمیل اختر ،جملہ ڈی ایس پیز ، 13 تھانوں کیایس۔ایچ۔اوز اورتمام Oii نے شرکت کی۔میٹنگ میں ڈی۔آئی۔جی ہزارہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے بارے میں ڈی پی اونے بتاتے ہوئے کہاکہ ضلع میں کم عمر ڈرائیوروں ،پھٹے سلنسروں والے موٹرسائیکل ، کالے شیشے والی گاڑیوں اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کیخلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

سکول کالجز اور یونیورسٹیز کو چیک کیاجائے اور سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات عملے کو سکیورٹی کے حوالے سے وقتا فوقتا مناسب ہدایات بھی دی جائیں۔ڈی۔پی۔او مانسہرہ آصف بہادر نے دوران کرائم میٹنگ تمام ڈی۔ایس۔پیز اور ایس۔ایچ۔اوز کو ہدایات جاری کی کہ مختلف مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ہوائی فائرنگ پربات کرتے ہوئے ڈی۔

پی۔او مانسہرہ کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ ایک خاموش قتل ہے مانسہرہ پولیس کے تمام افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انکا کہنا تھاکہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ نوجوان نسل میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال پر بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈان شروع کیاجائے۔

انکا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گئی۔ڈی پی او مانسہرہ آصف بہادر نے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ کاجائزہ لینے کے ساتھ ساتھ تفتیشی سٹاف کی ماہانہ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔انکا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران اس بات کاخاص خیال رکھا جائے کہ کسی بھی فریق کے ساتھ زیادتی نہ ہواور تمام تر تفتیش میرٹ پرکی جائے۔

میٹنگ کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ آصف بہادر کا کہنا تھا کہ وہ عوام دوست پالیسی پر یقین رکھتے ہیں۔کسی بھی پولیس آفیسر محرر تھانہ یا ایس۔ایچ۔او تھانہ کو ہرگز اجازت نہیں کہ وہ عوام کے ساتھ بدتمیزی کریں یا تلخ زبان کا استعمال کریں۔تھانے آنے والے ہر شخص کے ساتھ انتہائی خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور ہرعام و خاص کی عزت اور توقیر کا خیال رکھا جائے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں