صنفی مساوات اور موسمیاتی تبدیلی ہماری دنیا کے لیے دو اہم ترین مسائل ہیں، نیلو فر بختیار

منگل 15 مارچ 2022 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2022ء) چیئر مین پرسن این سی ایس ڈبلیو نیلو فر بختیار نے کہاہے کہ صنفی مساوات اور موسمیاتی تبدیلی ہماری دنیا کے لیے دو اہم ترین مسائل ہیں۔14مارچ کو وزارتی گول میز پر اپنی تقریر کے دوران محترمہ نیلوفر بختیار نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ صنفی مساوات اور موسمیاتی تبدیلی ہماری دنیا کے لیے دو اہم ترین مسائل ہیں۔

انہوں نے نامور پاکستانی خواتین لیڈروں، جیسے کہ بے نظیر بھٹو کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی خواتین اس وقت سپریم کورٹ کی جج، سی ای اوز اور فائٹر پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ محترمہ نیلوفر نے کہا کہ پاکستان میں کاربن کا اخراج نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے باوجود یہ ملک موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیلوفر بختیار نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حکومت کی قوت ارادی میں کہیں کمی نہیں ہے۔نیشنل کمیشنن برائے وقار نسواں کی طرف سے 4 ماہ کے عرصے میں منعقدہ مشاورت کا ذکر کرتے ہوئے، نیلوفر نے ان مشاورت کے نتیجے میں موسمیاتی تبدیلی کے لیے ایک قومی صنفی ایکشن پلان کی تشکیل کی وضاحت کی۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ایک فعال نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ خواتین ان منفی اثرات سے بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔ محترمہ نیلوفر نے مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا"ہم کلیدی شعبوں، بنیادی طور پر زراعت، معیشت، جنگلات اور حیاتیاتی تنوع، ساحلی انتظام، توانائی اور نقل و حمل میں صنفی نقطہ نظر کو مکمل طور پر مربوط کر رہے ہیں۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں