وفاقی وِزیر مرتضی جاوید عباسی کا بفہ پکھل میں مون سون کی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

جمعرات 4 اگست 2022 22:31

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2022ء) وفاقی وِزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے این ڈی ایم اے کے افسران کے ہمراہ تحصیل بفہ پکھل میں مون سون کی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیااور بفہ میں دریائے سرن پر متاثرہ پُل کا معائنہ بھی کیا،اس موقع پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار محمد یوسف سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسران اور منتخب بلدیاتی ممبران بھی موجود تھے، بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی، انہوں نے املاک اور فصلوں کے نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور تباہ ہونے والے انفراسٹرکچرکی بحالی کے لیے محکموں کو جلد از جلد مکمل رپورٹ تیار کرنے کے احکامات جاری کیے، وفاقی وزیرنے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کومتاثرہ پل کی تعمیر کے لئے محکمہ سی این ڈبلیو سے پی سی ون تیار کرکے تین روز میں ارسال کرنے کی ہدایت دی، تقریب سے سردار محمد یوسف نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین میں دس دس لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی تقسیم کئے گئے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں