کیمیائی فضلے اور زہریلی گیسوں کے اخراج کے سدباب کیلئے جنگلات کا تحفظ ضروری ہے، وائس چانسلرہزارہ یونیورسٹی

بدھ 22 فروری 2017 18:40

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں شجر کاری مہم 2017ء اور گرین کیمپس کے منصوبہ کے تحت مختلف پھلدار، پھولدار اور سایہ دار درخت لگائے جا رہے ہیں جس کیلئے یونیورسٹی اپنے وسائل کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات کے تعاون سے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔ شجر کاری مہم کے آغاز کے موقع وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ اور ان میں اضافہ نہ صرف ہماری بقا کیلئے ضروری ہے بلکہ اس کی مدد سے ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، آلودگی سے پاک اور صاف ستھرا ماحول فراہم کر سکتے ہیں جبکہ کرہ ارض کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت پر قابو پانے کے لئے بھی شجر کاری میں اضافہ اور جنگلات کا تحفظ نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرہ ارض کے محفوظ مستقبل کیلئے جنگلات کے رقبہ کو بڑھانا اور اسے محفوظ کرنا نہایت ضروری ہے کیونکہ مختلف قسم کی صنعتوں نے جہاں دنیا بھر میں ترقیاتی انقلاب برپا کیا ہے وہیں اس کے مختلف کیمیائی فضلے اور زہریلی گیسوں کے اخراج نے زمین کے فطری درجہ حرارت اور نمو کو شدید متاثر کیا ہے جس کے سد باب کے لئے نہ صرف جنگلات کا تحفظ ضروری ہے بلکہ ان کے رقبہ میں اضافہ کرتے ہوئے ہم موسمیاتی تبدیلوں کو بھی کنٹرول کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیاں کسی بھی ملک کے بہترین دماغوں، تحقیق کاروں اور مختلف تحقیقی سرگرمیوں کا مرکز ہونے کی بدولت اس حوالہ سے نہایت اہمیت کی حامل ہیں اور یہاں سے ہم معاشرے کے مختلف طبقوں اور عام لوگوں کو جنگلات کے تحفظ کا صحت مند پروگرام دیتے ہوئے اس سمت میں رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے سکتے ہیں اور جنگلات اور جنگلی حیات کو محفوظ بنانے کیلئے حکومتی اقدامات نہایت موثر ثابت ہو رہے ہیں۔

ہزارہ یونیورسٹی میں شجر کاری مہم کے تحت ہزاروں کی تعداد میں پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔ ہزارہ یونیورسٹی کو پہلے ہی سنڈیکیٹ نے گرین کیمپس کا درجہ دے رکھا ہے جو اپنے محل وقوع اور سرسبز علاقہ میں واقع ہونے کی بدولت ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں اہم مقام رکھتی ہے۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفسیر ڈاکٹر سید منظور شاہ، اساتذہ، پروفیسرز، طلباء و طالبات، افسران اور دیگر ملازمین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ شجر کاری مہم میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء و طالبات بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں