ولی خان یونیورسٹی مردان میں بھرتیوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 7 افسران کو نوکریوں سے برطرف ، آٹھ کی تنزلی

وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے اور سینڈیکٹ کی سفارش پر افسران کو سزائیں دی گئیں، رپورٹ

بدھ 5 اگست 2020 22:51

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں بھرتیوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 7 افسران کو نوکریوں سے برطرف جب کہ 8 کی تنزلی کردی گئی۔نجی ٹی وی نے دستاویزات کے حوالے سے بتایاکہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں بھرتیوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔محکمانہ کارروائی کے تحت یونیورسٹی کے 7 افسران کو نوکریوں سے برطرف کردیا گیا ہے جن میں گریڈ 19،گریڈ 20 اور 21 کے آفیسرز شامل ہیں۔

برطرف ملازمین میں عبدالولی خان یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرار پیر اسفندیار، سیکیورٹی آفیسر ارشد خان، ٹرانسپورٹ آفیسر ابرار حسین، ایڈیشنل کنٹرولر عرش الرحمان، کوآرڈینیٹر پبی کیمپس میاں شفیق اللہ کاکاخیل، پروفیسر ڈاکٹر سلیم اللہ اور پروفیسر ڈاکٹر قادر بلوچ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی انتظامیہ نے گریڈ 18 سے 21 کے 8 افسران کی تنزلی بھی کردی ہے ،17 افسران کی تنخواہوں سے سالانہ انکریمنٹ کاٹنے اور ان افسران کو آئندہ بھرتیوں کے عمل میں شامل نہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

دوسری جانب عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہورالحق نے بتایا کہ وزیراعلیٰ اور گورنر خیبرپختونخوا نے غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے اور سینڈیکٹ کی سفارش پر افسران کو سزائیں دی گئی ہیں۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں