عاطف خان وزیراعلی نہ بنائے جانے پر دلبرداشتہ ہوگئے

خیبرپختونخواہ کے سابق وزیر تعلیم نے اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق دوست احباب سے مشورے شروع کردیے، محمود خان کو وزارت اعلیٰ دیے جانے کے فیصلے کو حیران کن قرار دے دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 10 اگست 2018 20:25

عاطف خان وزیراعلی نہ بنائے جانے پر دلبرداشتہ ہوگئے
مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست2018ء) عاطف خان وزیراعلی نہ بنائے جانے پر دلبرداشتہ ہوگئے، خیبرپختونخواہ کے سابق وزیر تعلیم نے اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق دوست احباب سے مشورے شروع کردیے، محمود خان کو وزارت اعلیٰ دیے جانے کے فیصلے کو حیران کن قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق طویل انتظار کے بعد 2 روز قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بالآخر وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے نام کا باضابطہ اعلان کردیا تھا۔

تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق صوبائی وزیر برائے سیاحت و کھیل محمود خان کو خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا تھا۔ محمود خان پی کے 9 سوات سے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ محمود خان کا نام سابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل اطلاعات یہ تھیں کہ عمران خان سابق وزیر تعلیم عاطف خان کو صوبے کا وزیراعلی بنانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

تاہم پھر پرویز خٹک کی بھرپور مخالفت کے باعث تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عاطف خان کی جگہ محمود خان کو خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا۔ محمود خان خیبرپختوںخواہ اسمبلی کے پہلے اجلاس میں ہی ممکنہ طور پر وزارت اعلی کے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔ اس حوالے سے اب 2 روز کی خاموشی کے بعد عاطف خان کا پہلا ردعمل جاری کرنے سے متعلق انگریزی اخبار نے دعویٰ کیا ہے۔

انگریزی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کا وزیراعلی نہ بنائے جانے پر عاطف خان دلبرداشتہ ہوگئے ہیں۔ عاطف خان نے محمود خان کو صوبے کا وزیراعلی بنائے جانے کے فیصلے کو حیران کن قرار دے دیا ہے۔ رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ عاطف خان کی رائے میں عمران خان کے اس فیصلے سے بحران وقتی طور پر تو ٹل گیا ہے، لیکن آگے چل کر سینئر رہنماوں کے آپسی اختلافات کے باعث معاملات مزید گھمبیر ہو جائیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عاطف خان نے اپنے سیاسی مستقبل کے متعلق مشورے بھی شروع کر دیے ہیں۔ عاطف خان اپنے دوست احباب اور اہل خانہ کے ساتھ سیاسی مستقبل سے متعلق تفصیلی مشورے کر رہے ہیں اور جلد ایک اہم اعلان کریں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ عاطف خان اس مرتبہ بھی خیبرپختوںخواہ کی کابینہ میں شامل ہوں گے۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں