آزادی کا دن ہمیں اپنے اسلاف کے قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،ضلع ناظم مردان

بدھ 14 اگست 2019 18:45

مردان۔14اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) ضلع ناظم احتشام خان ،نائب ناظم اسد علی کشمیری اور ڈپٹی کمشنر محمد عابد وزیر نے کہاہے کہ آزادی کا دن ہمیں اپنے اسلاف کے قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔دنیا کے 60فیصد قدرتی وسائل مسلمان ممالک کے پاس ہیں لیکن اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے آج مسلم امہ گونا گوں مسائل سے دوچار ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سپورٹس کمپلیکس میں پرچم کشائی کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پولیس اور ریسکیو 1122کے چاق و چوبند دستوں نے پرچم کو سلامی دی جبکہ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور کشمیریوں کے لئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گیں۔پرچم کشائی کی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نیک محمد،ڈی ایس پی شکیل خان، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر افسر سید علی بخش،مرکزی تنظیم تاجران کے صدر احسان باچا،چیمبر کے صدر ظاہر شاہ،سینئر نائب صدر اورنگزیب کشمیری سمیت سرکاری محکموں کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ آزادی عظیم نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش و جزبے سے مناتی ہے۔پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور پوری قوم کویوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کرنا چاہیئے کہ ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے مل جل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ آزادی کے دن منانے کا مقصد اپنے آباو اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنا ہے۔

ملک سے غربت کا خاتمہ کر کے ہی ہم حقیقی آزادی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس دن کو صرف منانے تک محدود نہیں رکھنا چاہیئے بلکہ یہ دن ہمیں وہ یاد دلاتا ہے کہ جس طرح ہمارے ابا و اجداد نے پاکستان کو آزاد کرنے کے لئے قربانیاں دی ہیں اسی طرح ہمیں بھی اس عزم کا اظہار کرنا چاہیئے کہ ملک کی ترقی و استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر سکولوں کے طلباء و طالبات نے وطن سے محبت کی خاطر ملی نغمے،ٹیبلو،تقریریں پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔بعدازاں ضلع ناظم احتشام خان،نائب ناظم اسد علی اور ڈپٹی کمشنر محمد عابد وزیر نے سپورٹس کمپلیکس میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور جشن آزادی کا کیک کاٹا۔

متعلقہ عنوان :

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں