پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ذیشان خان پاکستان تحریک انصاف میں شامل

ذیشان خان سینئیر صوبائی وزیر عاطف خان کے کزن بھی ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 30 اکتوبر 2019 12:06

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ذیشان خان پاکستان تحریک انصاف میں شامل
مردان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 اکتوبر 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ذیشان خان پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر خان زادہ کے صاحبزادے ذیشان خان پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ ذیشان خان نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے۔

ذیشان خان سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کے کزن بھی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے سے پہلے اور بعد میں دوسری سیاسی جماعتوں کے کئی رہنماؤں نے حکومتی جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی۔ رواں سال جولائی میں قبائلی اضلاع سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی غزن خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی۔ جس کے دوران سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر جی جی جمال بھی موجود تھے۔ اس موقع پر غزن خان اور ڈاکٹر جی جی جمال نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں کو تحریک انصاف کا پرچم بھی پہنایا جبکہ دونوں نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ تاہم اب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر سیاسی مبصرین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شمولیت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جمیعت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حمایت سے موجودہ حکومتی جماعت کے خلاف آزادی مارچ کر رہے ہیں اور اس آزادی مارچ کا مطالبہ وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں نے موجودہ ملکی حالات میں اس شمولیت کو اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں