مردان میں پولیو ٹیم پرفائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

موٹرسائیکل سوارملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 جون 2021 15:47

مردان میں پولیو ٹیم پرفائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید
مردان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جون 2021ء) : مردان میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کے دوران سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں انسداد پولیوٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ۔ فائرنگ مردان کے علاقہ رستم پلوڈھیری میں پولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ موٹرسائیکل سوارملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلا ش جاری اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ جبکہ شہید پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی ٰخیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شہداکے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ اس واقعے میں ملوث عناصر ہمارے بچوں کے دشمن ہیں۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں سال2021ء کی دوسری 5 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ اس مہم میں 5 سال تک کی عمر کے 3 کروڑ 30 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ملک میں پولیو کے متعدد کیسز کو روکنے کےلیے بچاؤ کے قطرے پلانا اہم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے میں شامل اجزاء حلال ہیں اور پوری تحقیق کے بعد علمائے کرام کا فتویٰ آیا ہے جس کی اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی تائید کی ہے۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ والدین کے لیے مذہبی فریضہ کے ساتھ انسانی طور پر بھی بچوں کو محفوظ بنائیں۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں