ہمیں اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد کو کامیاب کرنا ہے، ہم کسی کی غلامی کرنے کیلئے تیار نہیں ،عمران خان

جمعہ 13 مئی 2022 23:10

ہمیں اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد کو کامیاب کرنا ہے، ہم کسی کی غلامی کرنے کیلئے تیار نہیں ،عمران خان
مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2022ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد کو کامیاب کرنا ہے، ہم کسی کی غلامی کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، اسلام آباد سیاست کے لیے نہیں بلکہ انقلاب کے لیے بلا رہا ہوں،اگر الیکشن کی تاریخ نہ دی تو عوام کا سمندر اسلام آباد آ رہا ہے، عوام کا یہ سمندر سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پی ٹی آئی کے زیر اہتمام مردان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے،انکاکہنا تھا کہ جب آپ کو کال دوں گا تو آپ نے اسلام آباد آنا ہے۔ انہوںنے واضح کیا کہ اسلام آباد سیاست کے لیے نہیں بلکہ انقلاب کے لیے بلا رہا ہوں، پاکستان کو حقیقی آزادی دینے کے لیے بلا رہا ہوں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کے ٹولے کو یہاں سے پیغام دے رہا ہوں کہ ڈاکوؤں نے ملک کے فیصلے نہیں کرنے ہیں جب کہ ملک کے لیے یہ فیصلہ کن وقت ہے۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے خاص طور پر اسلام آباد مارچ میں شرکت کرنی ہے، 70 سال سے کم عمر افراد نوجوان ہیں، میں پاکستان کی ساری ماؤں، بہنوں اور بچوں کو بھی دعوت دینے آیا ہوں، میرے والدین کہتے تھے تحریک پاکستان میں عورتیں، بچے اور بزرگ سب شامل تھے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ لندن میں بیٹھا مفرور، ڈاکو بھی سن لے، تم نے اس ملک کے فیصلے نہیں کرنے ہیں، پاکستان کی قیادت کون کرے گا یہ فیصلہ عوام کرے گی، پاکستان پر یہ فیصلہ کن وقت ہے، امریکہ کے غلاموں سے اس ملک کو آزاد کرنا ہے، ڈاکوؤں کے ٹولے سے بھی ملک کی جان چھڑانی ہے، یہ تھری اسٹوجز جن میں ڈاکو، زرداری بڑی بیماری اور ڈیزل شامل ہے، ڈیزل نے آتے ہی وہ وزارت لی جس میں کمائی ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر الیکشن کی تاریخ نہ دی تو عوام کا سمندر اسلام آباد آ رہا ہے، عوام کا یہ سمندر سب کچھ بہا کر لے جائے گا، امریکہ کے ساتھ مل کر سازش کی گئی، امریکہ کے ایک چھوٹے سے سرکاری افسر نے مجھے ہٹانے کی دھمکی دی، ڈونلڈ لو نے کہا عمران خان کو نہ ہٹایا تو تمہیں نقصان ہو گا، امریکی افسر نے کہا اگر شہباز شریف کو بٹھا دیا تو پاکستان کو معاف کر دیں گے، اس سے پوچھتا ہوں تم ہو کون پاکستان کو معاف کرنے والے، ہم امریکیوں کے نوکر اورغلام نہیں ہیں۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف بوٹ پالش اور آصف زرداری امریکیوں کے غلام ہیں، ڈیزل نے امریکی سفارتکار کو کہا مجھے موقع دیدیں میں بہتر خدمت کروں گا، یہ امریکیوں کے غلام ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم اس کی امت ہیں جو دنیا کی تاریخ کے عظیم ترین لیڈر تھے، خوف کی زنجیر انسان کو پرواز نہیں کرنے دیتی، اللہ ایمان والوں کے خوف دور کردیتا ہے، کوئی جنرل اس وقت تک بڑا جنرل نہیں بن سکتا جب تک وہ خوف ختم نہ کر دے، کوئی اس وقت تک بڑابیٹسمیمن ہیں بن سکتا جب تک وہ باؤلر کا خوف ختم نہ کر دے، جب اسلام آباد بلاؤں گا تو اپنے خوف کی زنجیریں توڑ کر آنا میرے ساتھ، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، میرے خلاف میڈیا پر کمپین کی گئی ، عوام میری اتنی ہی عزت افزائی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی غلام بڑے کام نہیں کر سکتا، صرف آزاد آد می بڑے کام کرتا ہے، ہمارے اوپر بٹھائے گئے امریکہ کے غلام کبھی قوم کو عظیم قوم نہیں بننے دیں گے، جب ہمیں حکومت ملی یہ چور 10 سال حکومت کر چکے تھے، ہم نے اپنے ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کر دیا، ہم نے 60 فیصد سے زیادہ ٹیکس اکٹھے کیے، عالمی سطح پر مہنگائی کے باوجود فضل الرحمان اور پیٹرول کی قیمت کم کردی، ورلڈ بینک کے مطابق سب سے زیادہ لوگوں کو روزگار پاکستان میں ملا، جب ہماری دولت بڑھ رہی تھی تو بیرونی سازش ہوئی، انہوں نے مل کر ہماری حکومت گرائی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے سازش کا پتہ چلا تو میں ان کے پاس گیا جو سازش روک سکتے تھے، میں نے انہیں بتایا کہ اگر سازش کامیاب ہوئی تو ہماری معیشت نیچے چلی جائے گی، شوکت ترین کو کہا ان لوگوں کو بتاؤ جو خود کو نیوٹرل کہتے ہیں، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس سازش کو نہیں روکا گیا، اب دیکھیں ڈالر کدھر چلا گیا، مہنگائی کی کیا صورتحال ہی جب ملک کا پیسہ بن رہا تھا اس وقت ہماری حکومت گرائی گئی، جس جس نے سازش کی ہے، ایک ایک کی شکل میرے دل پر لکھی ہوئی ہے، چیف جسٹس پاکستان سے کہتا ہوں صدر کے خط پر ایک کمیشن بٹھائیں، کمیشن پتہ لگائے ان لوگوں نے کس کے ساتھ مل کر سازش کی ہی قوم کو پتہ چلے کون ہیں میر جعفر اور میر صادق بلاول کو وزیر خارجہ بنا دیا جس کا فون امریکی ریکارڈ کرتے تھے، یہ کبھی امریکیوں کے سامنے اپنے مفاد کی بات نہیں کر سکتے، یہ جا کر صرف مدد اور پیسے مانگے گا،امریکیوں کو میں بہت اچھی طرح جانتا ہوں، وہ کچھ بھی مفت میں نہیں دیتے، امریکہ جو مدد کرے گا اس کے بدلے کچھ قیمت ہو گی، امریکہ آپ سے آپ کی آزادی مانگے گا، ان کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار شہری شہید ہوئے، امریکہ آپ سے بیسز مانگے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد کو کامیاب کرنا ہے، ہم کسی کی غلامی کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، ہمیں روس سے 30 فیصد کم قیمت پر تیل مل رہا تھا، ہم پیٹرول اور ڈیزل سستا بیچ سکتے تھے، ہمارے لیے عوامی مفاد ترجیح تھا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں