امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ،ڈی سی مردان

جمعہ 20 جولائی 2018 23:12

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے کہا ہے کہ انتخابات کو آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف بنانے کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے حوالے سے انتظامیہ اور پولیس اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیںاور اس حوالے سے تمام انتخابی اُمیدواروں کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے الیکشن کمشن کی ہدایات کی روشنی میں پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کر دئیے ہیں جس کے ذریعے امن عامہ کو ضرر پہنچانے کی کوشش کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور کسی بھی شخص کے غیر قانونی عمل کی نہ صرف فوری نشاندہی ہوسکے گی بلکہ اس کے خلاف کاروائی میں بھی وقت نہیں لگے گا لہٰذا ایسے عناصر خبردار رہیں کہ اُن کی ایک ایک حر کت باقاعدہ نوٹ کی جائے گی اور ان کو اپنے غیر قانونی عمل کا جواب دینا ہوگا ،اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس انتخابات کے موقع پر عوام اور ووٹروں کے تحفظ کے لیے برابر رابطے میں ہیں اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں