صوبائی حکومت تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری کیلئے نمایاں عملی اقدامات کررہی ہے ، عبدالغفور بیگ

متعلقہ اداروں میں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی، کمشنر مردان

جمعرات 29 نومبر 2018 23:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2018ء) کمشنر مردان ڈویژن عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ موجوہ صوبائی حکومت تعلیم وصحت کے شعبوں میںبہتری کیلئے نمایاں اور عملی اقدامات کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ مڈ ل سکول نیو سرخ ڈھیری ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول محبت آباد اور بی ایچ یو محبت آباد کے معائنے کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان عابد خان وزیر ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل )ابضار خان ، ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس ظہیر الدین بابر، ڈپٹی ڈی ای او (فی میل) نثار احمد شموزئی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فضل ہادی، سید اکرام اور میاں نور بھی موجود تھے۔ کمشنر مردان ڈویژن نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی کیلئے بجٹ میں کثیر رقم رکھی ہوئی ہے ، جس کو ضلع انتظامیہ عملی جامہ پہنائے گی ۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ نے گورنمنٹ مڈل سکول نیوسرخ ڈھیری اور بی ایچ یو محبت آباد کو موجودہ صوبائی حکومت کے ویژن کے مطابق اپنی تحویل میں لے لیا ہے ، ان دونوں اداروں میں موجودہ صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق صحت و تعلیم کے حالات کی بہتری، دیگر ضروریا ت اور سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سکول اور بی ایچ یو کو جدید تقاضوں کے مطابق بنائے گی۔

انہوں نے دونوں محکموں کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ سٹاف کی کمی کو جلد پورا کیا جائے ، محکمہ صحت کے ماتحت ہسپتالوں کو وافر مقدار میں ادویات فراہم کی جائیں ، عوام کو صحت عامہ کی بہترین اور موثر طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ تاکہ عوام کو ہر لحاظ سے آسانیاں میسر آسکیں۔ انہوں نے دونوں محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں میں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

صوبائی حکومت صحت اور تعلیم دونوں شعبوں میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ مذکورہ اصلاحات کے ثمرات عوام تک پہنچائیگی۔ ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور بنیادی صحت کے مراکز کی خستہ حال عمارتوں کی مرمت اور وائٹ واش اور پینے کی صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر مردان نے مختلف تعلیمی اداروں کے معیار کا بھی جائزہ لیااوروہاں پر بچوں اور بچیوں سے تاریخ ، مطالعہ پاکستان ، سائنس وغیرہ کے حوالے سے سوالات پوچھے اور تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمے کے افسران اور اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کیا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں