مردان ،ْاسکول میں پی ٹی آئی ترانہ پڑھنے کا معاملہ ،ْہیڈماسٹر کو جبری ریٹائرمنٹ کر دیا گیا

اسکول کے 4 اساتذہ کے تبادلے بھی کردیئے گئے ،ْ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرکے خلاف کارروائی کیلئے ڈائریکٹوریٹ کو خط لکھ دیا گیا

بدھ 12 دسمبر 2018 20:13

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) خیبرپختونخوا کے علاقے مردان کے سرکاری اسکول میں پاکستان تحریک انصاف کا ترانہ گانے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی انکوئری کمیٹی نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو واقعے ذمہ دار قرار دیدیا جس کے بعد انہیں جبری طور پر ریٹائر کردیا گیا ،ْاس کے علاوہ اسکول کے 4 اساتذہ کے تبادلے بھی کردیئے گئے جبکہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرکے خلاف کارروائی کے لیے ڈائریکٹوریٹ کو خط لکھ دیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق گذشتہ ماہ مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے کہوئی برمول میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی تھی ایم پی اے ملک شوکت خان مہمان خصوصی تھے۔اسکول انتظامیہ نے مبینہ طور پر مہمان کو خوش کرنے کیلئے تقریب میں قومی ترانے کی بجائے سیاسی جماعت کا ترانہ بچوں سے پڑھوایا جس کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل اور پھر نیوز چینلز پر رپورٹ ہوئی۔

(جاری ہے)

مذکورہ رپورٹس پر مشیر تعلیم نے نوٹس لیا اور بعد ازاں واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بنائی گئی۔گزشتہ روز کمیٹی نے اپنی رپورٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو پیش کی۔رپورٹ کے حوالے سے محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کے سفارشات پر اسکول کے ہیڈماسٹر ابرارالحق کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے، انہیں جبری طورپر ریٹائر کردیا گیا ہے ،ْ اسکول کے 4 اساتذہ کے تبادلے دور دراز علاقوں میں کرا دیئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کی سفارش پر اے ڈی او کاٹلنگ محمد ایاز کا معاملہ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کو سونپ دیا گیا ہے۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں