پولیو وائرس پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں،کمشنر مردان ڈویژن

بدھ 21 اگست 2019 17:22

پولیو وائرس پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں،کمشنر مردان ڈویژن
مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) کمشنر مردان ڈویژن مطہر زیب نے کہا ہے کہ پولیو وائرس پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور بہت جلد مردان ڈویژن کو اس وائرس سے پاک کردیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ضلع مردان اور صوابی میں پولیو مہم کی کامیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈویژنل پولیو ٹاسک فور س کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد عابد وزیر، ڈپٹی کمشنر صوابی سلمان لودھی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبید الرحمان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر صوابی نیاز محمد خان، ڈویژنل ان سٹاف افسر ڈاکٹر اصغر، ڈسٹرکٹ ان سٹاف افسر ڈاکٹر ذیشان، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسف کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈویژنل ان سٹاف افسر نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ مردان میں انسداد پولیو مہم 26 اگست سے شروع ہو رہی ہے، مہم کے دوران5 سال سے کم عمر کے 4لاکھ20ہزار228بچوں جبکہ صوابی کی56یونین کونسلوں میں سی14یونین کونسلوں کی71ہزار235بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پولیو مہم میں ضلع مردان کے لئے 1335، صوابی 239 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ مردان کے لیے 319ایریا انچارج اور صوابی کے لئی61 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔کمشنر مردان ڈویژن نے کہاکہ پرائیویٹ سکولز پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں بصورت دیگر ان کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے گی اور پولیو مہم میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو وائر س کے خلاف آگاہی کے لئے اقدمات کیے جائیں اور مہم کو کامیاب بنانے کے لئے علماء کرام کے ساتھ بھی بات کی جائے تاکہ اس موذی مرض سے چٹھکارا حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے مردان اور صوابی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ تمام یونین کونسلوں کے سیکرٹریز پولیو مہم میں حصہ لیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں