معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش کا مردان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کادورہ

منگل فروری 00:13

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے پیر کی صبح مردان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور تحصیل میونسپل انتظامیہ کے زیرانتظام شیخ ملتون ٹاون شپ اور شہری علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ جہاں پر شہریوں سے صفائی و نکاسی آب سمیت دیگر خدمات کی فراہمی بارے دریافت کیاگیا۔

مردان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں مردان کے منتخب نمائندگان کی موجودگی میں معاون خصوصی کو ایم ڈی اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر خواجہ ارشد نے اتھارٹی کے حوالے سے تمام امور پر بریفنگ دی گئی۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے ہاوسنگ اور دیگر نقشہ جات کے متعلق ملازمین سے کارکردگی بارے پوچھ گچھ کی اور بریفنگ لی۔ اس موقع پر ایم ڈی اے ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کامران بنگش نے ریمارکس دئیے کہ یہ نہ سمجھیں کہ آپ کی کارکردگی بارے مجھے خبر نہیں ہوتی، میں نے محکمہ بلدیات کی ذمہ داری بطور چیلنج قبول کی ہے اور اصلاحات کا جاری عمل لاگو کرکے رہیں گے۔

(جاری ہے)

عوامی ٹیکسز سے تنخواہ لینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ ہم کتنے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوکل ایریاز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر کام آخری مراحل میں ہے، جس سے بہت سارے ایشوز اور چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔ مردان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے دورہ کے بعد معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ تحصیل میونسپل انتظامیہ آفس بھی گئے۔

ملازمین کی حاضری اور دیگر دفتری امور کے حوالے سے تحصیل میونسپل انتظامیہ مردان کے سربراہ نصیر خان نے کامران بنگش کو ترقیاتی بجٹ، اکاونٹس، مجموعی خرچہ جات، ملازمین اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ضلع مردان کے دیگر تحصیل میونسپل انتظامیہ تخت بھائی اور رستم کے آفیسرز بھی بریفنگ میں موجود تھے۔تحصیل میونسپل انتظامیہ کے کچھ مسائل پر آٹھ آٹھ سال سے سست روی کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے موقع پر ہی دو لیگل ایڈوائزرز کو معطل کرنیکے احکامات جاری کر دئیے۔

تحصیل میونسپل انتظامیہ تخت بھائی کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ دو کروڑ تینتیس لاکھ کا خسارہ تھوڑا خسارہ نہیں ہے اس سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور ایک مہینے کے اندر اندر تمام میونسپل انتظامیہ ریونیو جنریشن کے حوالے سے پلان شئیر کرے۔ میونسپل انتظامیہ مردان کے متعلقہ حکام کو ریونیو جنریشن کے بارے میں ہدایات دیتے ہوئے معاون بلدیات نے کہا کہ طورو روڈ پر42کنال خالی پلاٹ اور چونگی نمبر ۱۱ پر خالی جگہ کو جلد از جلد کار آمد بنانے کے لئے پلان مرتب کیا جائے اور رپورٹ متعلقہ آفیسر کو بھیج دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی پلان کو بنانے اور مرتب کرنے سے پہلے ممبران صوبائی اسمبلی کے ساتھ مل کر ترتیب دیا جائے۔تمام میونسپل انتظامیہ کے افسران پر زور دیتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ اس جدید دور میں رابطہ بڑھانے اور موثر طریقے سے امور کو نمٹانے کے لئے باہمی رابطہ کے نظام کو موثر بنایا جائے۔ اس موقع پر صحافیوں کی موجودگی میں متعلقہ افسران سے خطاب کرتے ہوئے کامران بنگش نے واضح کیاکہ عام شہری کے تاثرات صفائی کے حوالے سے اطمینان بخش نہیں ہیں لہذا صفائی نکاسی آب اور دیگر متعلقہ امور کو اڑتالیس گھنٹے کے اندر بہتر بنایا جائے۔

اس سے کام نہیں چلے گا کہ ایک ہفتہ صفائی مہم چلائی اور بات ختم، صفائی کے لئے پورا سال مختص کرنا چاہئیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ضلع اور تحصیل کی صفائی خود مانیٹر کر رہا ہوں، اسی ضمن میں اگر کسی بھی ملازم نے کام چوری سے کام لیا تو ٹرانسفر یا معطلی کے علاوہ دیگر قانونی آپشنز کا استعمال کر سکتے ہیں۔ گھوسٹ ملازمین کے حوالے سے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی بلدیات نے کہا کہ میڈیا کو یا کسی بھی شہری کو کہیں بھی اس بارے کوئی معلومات ہوں تو ہمیں اطلاع کریں ہم فی الفور قانونی کاروائی کریں گے۔

سال 2020کو صفائی کا سال قرار دیتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ میں اس فورم سے اعلان کرتا ہوں کہ2020 میں خیبرپختونخوا کو صفائی و نکاسی کی سہولیات کی مد میں سب سے آگے لے کر جائیں گے۔

مردان شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments