مردان کی پولیس کی جانب سے مجرموں کے خلاف کئے گئے آپریشن میں سلمان نامی اجرتی قاتل ماراگیا

ملزم سلمان نے حوالدار باسط کو مسجد کے اندر قتل کیا تھا، ملزم سلمان قتل اور راہزنی کے مقدمات میں مفرور تھا، پولیس

اتوار 31 مئی 2020 14:15

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) خیبر پختون خوا کے ضلع مردان کی پولیس کی جانب سے مجرموں کے خلاف کئے گئے آپریشن میں سلمان نامی اجرتی قاتل ماراگیا ۔ تفصیلات کے مطابق مردان کے علاقے شہباز گڑھی میں کیے گئے آپریشن کے دوران پولیس اور مجرموں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔مردان پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران سلمان نامی اجرتی قاتل ہلاک ہو گیا ہے جس کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم سلمان نے حوالدار باسط کو مسجد کے اندر قتل کیا تھا، ملزم سلمان قتل اور راہزنی کے مقدمات میں مفرور تھا۔پولیس کی جانب سے اس آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون کیمروں کا استعمال بھی کیا گیا۔آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ثنا اللہ عباسی نے کہا کہ مردان آپریشن کے دوران مطلوب ملزم سلمان ہلاک ہوا۔ملزم پی ٹی سی ہنگو کے ہیڈ کانسٹیبل باسط کے قتل میں ملوث تھا،ہیڈ کانسٹیبل باسط کو نمازجمعہ کے بعد مسجد میں قتل کیا گیا تھا۔آئی جی کے پی کے پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم سلمان مردان پولیس کو کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں