مردان ویمن یونیورسٹی میںپاک چین دوستی شجرکاری کا انعقاد

پی ڈی ایف اور پی سی ایف اے کے تعاون سے درخت لگائے گئے، وائس چانسلر کی شرکت د*ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے،بلال سیٹھی کا خطاب

پیر 19 اکتوبر 2020 21:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) مردان، پاکستان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن (پی ڈی ایف) اور انجمنِ پاک چین دوستی کے مشترکہ منصوبے پاک چین دوستی شجرکاری مہم کے تحت مردان ویمن یونیورسٹی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نظام، چیئرمین پاکستان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن محمد بلال سیٹھی، سیکریٹری جنرل انجمن پاک چین دوستی سید علی نواز گیلانی، لوکل سماجی کارکنان ، یونیورسٹی کے انتظامی افسران، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے چیئرمین پی ڈی ایف بلال سیٹھی اورانجمنِ پاک چین دوستی کے جنرل سیکریٹری سید علی نواز گیلانی کے ہمراہ یونیورسٹی میں پاک چین دوستی کے نام سے منسوب درخت لگائے اور پاکستان کی بقاء کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں چیئرمین پاکستان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن بلال سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کے نام سے منسوب درخت خیبر پختونخواہ کے ہر شہر ، گاؤں اور قصبے میں لگائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا اہم جز کورونا وائرس کے باعث بیروزگار ہونے والے مزدوروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں بھی یہ منصوبہ اہم کردار ادا کریگا کیونکہ آلودگی ختم کرنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے۔وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک چین دوستی شجرکاری مہم قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی میں درخت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر علی نواز گیلانی نے بھی خطاب کیااور کہا کہ چین نے ہمیشہ ہر قسم کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے سیکھنے کیلئے ہمارے پاس بہت کچھ ہے۔ علی نواز گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں بھی چین نے بہترین کردار ادا کیا ۔ وائس چانسلر نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ واضح رہے کہ تقریب میں طے پایا گیا کہ پاکستان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن ویمن یونیورسٹی کی نئی زیرِ تعمیر بلڈنگ کو درخت مہیا کریگا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں