آج ہمارے شہداء کا مذاق اڑایا جارہا ہے،وزیرداخلہ کو جانا ہوگا، امیرحیدر خان ہوتی

وزیرموصوف وہی ہے جنہیں اپنی زندگی میں شہید بے نظیر بھٹو نے ملزم ٹھہرایا تھا،دھمکیاں دینے والا وزیرداخلہ سن لیں، ہمیں اس قسم کے ہتھکنڈوں کے ذریعے نہیں ڈرایا جاسکتا،وزیرموصوف کی وضاحتیں قبول نہیں،شہداء کے ورثاء 11نومبر کو اسلام آباد جائینگے،مرکزی سینئر نائب صدر عوامی نیشنل پارٹی

جمعہ 6 نومبر 2020 22:18

مردان،پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ نے اس صوبے ہی نہیں پورے ملک کے شہداء کا مذاق اڑایا ہے۔ یہ وہی شخص ہے جن کے بارے میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں کہا تھا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو ذمہ دار یہی شخص ہوں گے۔ انکی جانب سے صفائیاں اور وضاحتیں قبول نہیں، شہداء کے ورثاء 11نومبر کو اسلام آباد جا کر وزیرموصوف سے استعفیٰ لیں گے۔

مردان یونین کونسل باغ ارم میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرحیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ دھمکیاں دینے والا وزیرداخلہ سن لیں، اے این پی کارکنان کو اس قسم کے ہتھکنڈوں کے ذریعے نہیں ڈرایا جاسکتا۔ وزیرموصوف کی وضاحتیں اب قبول نہیں، انہیں سوچنا چاہیئے کہ وہ کس منصب پر بٹھائے گئے ہیں اور انہیں کیا بولنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

تقریب میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا11نومبر کو وزیرداخلہ کے خلاف اسلام آباد جائیں گے،وزیرموصوف کو استعفیٰ دینا ہوگا۔ امیرحیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ گذشتہ انتخابات میں اے این پی کا راستہ روکا گیا لیکن عوامی راستہ کوئی نہیں روک سکتا اور آج اس صوبے کے عوام اے این پی کے ساتھ کھڑی ہے۔ اے این پی دورحکومت میں شروع کئے گئے منصوبے آج تک مکمل نہیں کئے جاسکے۔پی ٹی آئی کے سات سالہ دور میں صوبے کا خزانہ خالی پڑا ہے، اپنے حقوق بھی نہیں مانگ سکتے۔پچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے لاکھوں نوجوانوں کو بے روزگار کیا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں