تحریک انصاف کی حکومت عوام کو اختیارات دینے کے راستے پر گامزن ہے، محمد ارباب شہزاد، شوکت یوسفزئی

بلدیاتی نظام میں اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں گے،عوام کوگھر کی دہلیز پرسہولیات کی فراہمی عمران خان کا وژن ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا، مشیر وزیراعظم ، وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا

اتوار 24 مارچ 2019 18:30

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) وزیر اعظم کے مشیر محمد ارباب شہزاد اورصوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو اختیارات دینے کے راستے پر گامزن ہے،بلدیاتی نظام میں اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں گے۔عوام کوگھر کی دہلیز پرسہولیات فراہمی عمران خان کا وژن ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی نائب ناظم مردان اسد علی کشمیری سے ملاقات کے دوران کیا۔جس مں اسدعلی نے نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر محمدشہزاد ارباب اور صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ضلع کونسل کے خاتمے کی مجوزہ تجویز اور نئے بلدیاتی نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع نائب ناظم اسد علی نے انہیں بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی اداروں کا مقصد عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اگر بلدیاتی اداروں کو مالی،انتظامی اور سیاسی اختیارات دیے گئے تو عوام کے سو فیصد مسائل حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے حکومت نے جو ڈرافٹ تیا ر کیا ہے اس میں ضلع ناظمین اور نائب ناظمین کی تجاویز کو شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندوں کو عوام کے مسائل کا احساس ہوتا ہے اور بلدیاتی اداروں کو مضبوط کر کے ہی عوامی مسائل میں کمی آسکتی ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم کے مشیر کوبتایاکہ2015سے اب تک جتنے بھی اضلاع کو ترقیاتی بجٹ میں جو کٹوتی کی گئی ہے اسکی فراہمی کوجلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ مفاد عامہ کے ادھورے منصوبے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر محمد ارباب شہزاد نے ضلعی نائب ناظم مردان اسد علی کو یقین دلایا کہ مقامی حکومتوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مشاورت کی جائے گی اور انکے ویژن کے مطابق مقامی حکومتوں کو اختیارات اور وسائل فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو اختیارات دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اسکے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ مقامی حکومتیں اپنی مقرر ہ وقت پر ہی تحلیل کی جائے گی۔

ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہاکہ تحریک انصاف نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ عوام کے پاس اختیار ہو گا اور صوبے میں اختیارات عوام کے پاس ہے ۔نئے بلدیاتی نظام میں اختیارات کوحقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں