لیویز اہلکاروں نے گدھے کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کردیا

مستوگ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر اہلکاروں کیخلاف ایکشن، دو لیویز اہلکار معطل

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 14 جنوری 2021 20:41

لیویز اہلکاروں نے گدھے کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کردیا
مستونگ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جنوری 2021ء) بلوچستان میں لیویز اہلکاروں نے کلاشنکوف سے گولیاں مار کر ایک گدھے کو ہلاک کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گدھے کو گولی مارکر ہلاک کرنے اور ویڈیو بنانے کے واقعے پر دو لیویز اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ لیویز اہلکاروں کی جانب سے گدھے کو سرکاری کلاشنکوف سے گولیاں مار کر ہلاک کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

جس پر شہریوں کی جانب سے گدھے کو بے دردی سے قتل کرنے پر لیویز اہلکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لیویز اہلکار سرکاری کلاشنکوف سے گدھے پر فائرنگ کررہے ہیں۔
لیویز حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر مستونگ نے گدھے کو گولیاں مارنے کے واقعے کا نوٹس لیکر دونوں اہلکاروں کو معطل کردیا اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مستونگ نے اسسٹنٹ کمشنر کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے دو دن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ لیویز حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معطل لیویز اہلکاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ گدھا باؤلا ہوکر لوگوں کو کاٹ رہا تھا۔ علاقہ مکینوں کی شکایت کے بعد گدھے کے مالک کی اجازت کے بعد ہی لیویز اہلکاروں نے اسے ہلاک کیا گیا۔ لیویز اہلکاروں کے اس دعوے کی اہل علاقہ یا گدھے کی مالک سے تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی اس دعوے کا بھی جائزہ لے گی ۔ تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

مستونگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں