مستونگ خودکش حملہ، بلوچستان سمیت ملک بھر میں یوم سوگ،قومی پرچم سرنگوں رہا

مستونگ اور کوئٹہ میں فضاء بدستور سو گوار رہی ،سیاسی وانتخابی سرگرمیاں بھی معطل سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی دفاتر دوسرے روز بھی بند ، ساراوان ہائوس میں فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک ، چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی ، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ، سردار اختر جان مینگل، میر علائو الدین مری ودیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے ساراوان ہائوس جا کر شہید نوابزادہ میر سراج رئیسانی کے بڑے بھائی نواب اسلم رئیسانی، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اور ان کے بیٹے جمال خان رئیسانی سے تعزیت ، فاتحہ خوانی سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات ،حکومت بلوچستان کی جانب سے دو روزہ سوگ بھی منایا گیا

اتوار 15 جولائی 2018 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) مستونگ میں خودکش حملے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ میر سراج رئیسانی کی شہادت کے بعد کوئٹہ سمیت ملک بھر میں یوم سوگ مناگیا تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر نگوں رہے سانحہ مستونگ کے بعد مستونگ اور کوئٹہ میں فضاء بدستور سو گوار رہی سیاسی وانتخابی سرگرمیاں بھی معطل رہی جبکہ بیشتر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی دفاتر دوسرے روز بھی بند رہے ساراوان ہائوس میں فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک ، چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علائو الدین مری ودیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے ساراوان ہائوس جا کر شہید نوابزادہ میر سراج رئیسانی کے بڑے بھائی وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اور ان کے بیٹے جمال خان رئیسانی سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے حکومت بلوچستان کی جانب سے دو روزہ سوگ بھی منایا گیا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ میر سراج رئیسانی کے انتخابی جلسے کے دوران خودکش حملے میں نوابزادہ میر سراج رئیسانی سمیت132 افراد شہید ہو گئے تھے واقعہ کے بعد حکومت بلوچستان نے دو روزہ یوم سوگ اور بلوچستان عوامی پارٹی نے تین روزہ یوم سوگ منایا گیا گزشتہ روز نگران وزیراعظم جسٹس ناصر الملک ، چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل ، نگران وزیراعلیٰ میر علائو الدین مری ودیگر سیاسی وقبائلی شخصیات نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی اور نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے ان کے گھر جا کر نوابزادہ میر سراج رئیسانی شہید کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا تاہم اس موقع پر ساراوان ہائوس اور ارد گرد سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ایف سی پولیس اور لیویز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی سخت چیکنگ کے بعد لو گوں کو ساراوان ہائوس جانے کی اجازت دی جاتی تھی مستونگ واقعہ کے خلاف ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا اور اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں پر قوم پرچم سرنگوں رہے سانحہ مستونگ کے بعد مستونگ کی فضا بدستور سوگوار ہے اور سیاسی و انتخابی سرگرمیاں بھی معطل ہیں،بیشتر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی دفاتر دوسرے روز بھی بند ہیں جبکہ نگران وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ نے سی ایم ایچ جا کر سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیراعلی بلوچستان علا الدین مری بھی تھے۔

مستونگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں