ملکی صورتحال انتہائی خراب ہے، کرپشن دن بہ دن بڑھ رہی ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں ہے،سنیٹرسراج الحق

وفاقی وزراء سارا دن جن کے خلاف پریس کانفرنس میں مصروف ہیں ان کو ہی ڈپٹی سینیٹ چیئرمین کی آفر کرنے کے لیے جا بیٹھے ہیں، امیرجماعت اسلامی

بدھ 10 مارچ 2021 14:44

ملکی صورتحال انتہائی خراب ہے، کرپشن دن بہ دن بڑھ رہی ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں ہے،سنیٹرسراج الحق
مٹیاری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2021ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سنیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ ملکی صورتحال انتہائی خراب ہے، کرپشن دن بہ دن بڑھ رہی ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں ہے۔مٹیاری بار کونسل سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ وفاقی حکومت مکمل طور ناکام اور مایوس ہوگئی ہے، جس کا ثبوت اعتماد کا ووٹ لینا ہے۔

حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ وفاقی وزراء سارا دن جن کے خلاف پریس کانفرنس میں مصروف ہیں ان کو ہی ڈپٹی سینیٹ چیئرمین کی آفر کرنے کے لیے جا بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، جس سے غریب کا جینا محال ہوگیا ہے۔ ملک میں اسلامی قانون کا نفاذ ہی ملکی سالمیت کی ضمانت ہے۔ ملکی صورتحال انتہائی خراب ہے، کرپشن دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

غریب پس رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں۔ دونوں کی سیاست ایک ہے، پِی ٹی آئی کرپشن بچانے میں لگی ہے جبکہ پی ڈی ایم چند خاندانوں کو بچانے کے لیے واویلا کررہی ہے، عوامی مسائل کے لیے کوئی سروکار نہیں۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اس وقت پِی ٹی آئی اور پِی ڈی ایم دونوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے۔ سینیٹ الیکشن میں بھیڑ بکریوں کی طرح خرید و فروخت کا عمل جاری ہے۔

اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ بات ہے کہ دوسرے دن وزیر اعظم نے کہا کہ میں ان ممبران کا پیچھا کرونگا، مگر کیا ہوا عمران خان خود ہی ان سے اعتماد کا ووٹ لے رہے تھے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیسوں کی بنیاد پر جولوگ منتخب ہوتے ہیں وہ عوام کے لیے نہیں آتے اپنے فائدے کے لیئے آتے ہیں۔ ملک میں کرپشن کا راج ہے ایسے حالات میں پاکستان ترقی نہیں کر سکتا ہے۔

مٹیاری میں شائع ہونے والی مزید خبریں