محراب پور،بہاء الدین زکریا ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی

محراب پور ریلوے اسٹیشن پر حفاظتی ریت کی دیوار سے ٹکرا کر ٹریک سے اتر گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی تقصان نہیں ہوا

جمعرات 11 اپریل 2019 15:52

محراب پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2019ء) بہاء الدین زکریا ایکسپریس کا انجن بریک نہ لگنے کے باعث محراب پور ریلوے اسٹیشن پر حفاظتی ریت کی دیوار سے ٹکرا کر ٹریک سے اتر گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی تقصان نہیں ہوا۔ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی سے ملتان جانے بہاوالدین ذکریا ایکسپریس کو محراب پور ریلوے اسٹیشن پر رکنا تھا تاہم بریک نہ لگنے کے باعث ٹرین کا انجن لوپ لائن پرحفاظتی دیوار سے ٹکرا کر رک گیا ۔

انجن اگر حفاظتی دیوار سے نہ ٹکراتا تو بڑے حادثے کا خدشہ تھا۔

(جاری ہے)

ریلوے ذرائع کے مطابق محراب پور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کو شیڈول کے مطابق رکنا تھا جس کی وجہ سے اس کی اسپیڈ کم تھی اور ڈرائیور نے جب روکنے کے لیے بریک لگائے تو وہ نہ لگے۔ذرائع کے مطابق اسی دوران بہاء الدین زکریا ایکسپریس کا انجن بریک فیل ہونے کے بعد لوپ لائن پر حفاظتی دیوار سے ٹکرایا اور رک گیا لیکن ٹریک سے اتر گیا۔پڈ عیدن ریلوے اسٹیشن سے متبادل انجن بلوا کر ٹرین کو محراب پور ریلوے اسٹیشن پر لایا گیا۔ریلوے حکام نے ضروری دیکھ بھال کے بعد بہاء الدین زکریا ایکسپریس کو منزل مقصود کی طرف روانہ کیا۔ریلوے حکام نے اس ضمن میں تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

محراب پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں