وزیراعلیٰ پنجاب کی میاں چنوں کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال آمد نے بزرگ شہری کے چہرے پر خوشی بکھیر دی

میڈا پتر تسی آ گئے ہی وو۔۔۔ ہن تگڑا ہوویساں۔۔ بزرگ شہری کا وزیراعلیٰ پنجاب کے آنے پر رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 29 اگست 2018 11:40

وزیراعلیٰ پنجاب کی میاں چنوں کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال آمد نے بزرگ شہری کے چہرے پر خوشی بکھیر دی
میاں چنوں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 اگست 2018ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گذشتہ روز میاں چنوں میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کا دورہ کیا۔ اسپتال کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے زیر علاج مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کی۔عثمان بزدار کا وزارت اعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد میاں چنوں کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کا پہلا دورہ تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور معائنہ کیا۔ ایک بزرگ مریض کی مزاج پُرسی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ '' سائیں کیویں ہی وو، علاج ٹھیک ت ھیندا پیا ہی وے؟ جس پر بزرگ مریض کے چہرے پر مُسکراہٹ پھیل گئی اور انہوں نے کہا کہ ''میڈا پتر! تسی آگئے ہی وو، ہن تگڑا ہوویساں'۔ اسپتال میں موجود بعض مریضوں نے اسپتال کے انتظام کے بارے میں اپنے تحفظات سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو آگاہ کیا اور درستگی کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انہیں تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کروائی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے دورے کے دوسرے مرحلے پاکپتن پہنچے اور حضرت بابا فرید گنج شکر کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وہاں شکرانے کے نوافل ادا کیے اور رقت آمیز دعا بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ارکان اسمبلی کی درخواست پر پاکپتن میں غلہ منڈی کا مسئلہ جلد حل کروانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

دوسری جانب ایک خبر یہ بھی ہے کہ میاں چنوں میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کے دورے کے دوران نئے پاکستان کے وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ پُرانے پاکستان والا ہی پروٹوکول تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب خصوصی طیارے پر میاں چنوں پہنچے جس کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر جانے کے لیے پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ہمراہ 15 سے زائد گاڑیوں کا قافلہ بھی آیا۔ اسپتال پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مختلف وارڈز کا بھی دورہ کیا۔ 15 سے زائد گاڑیوں کا پروٹوکول لینے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عوام کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

میاں چنوں میں شائع ہونے والی مزید خبریں