میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل کی ایک بوڑھی خاتون نے وزیراعظم عمران خان سے فریاد کر دی

عمران خان میرے اہل خانہ کا علاج کروا کر میری بوڑھی ہڈیوں میں جان ڈال دیں۔ ضعیف خاتون کا مطالبہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 اگست 2018 16:30

میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل کی ایک بوڑھی خاتون نے وزیراعظم عمران خان سے فریاد کر دی
میانوالی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 اگست 2018ء) : وزیراعظم عمران خان سے میانوالی سے تعلق رکھنے والی ایک ضعیف خاتون نے اہل خانہ کے علاج کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیرا عظم عمران خان کے آبائی حلقہ میانوالی این اے 95 کی تحصیل عیسیٰ خیل کی یونین کونسل ونجاری میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد معذوری نما پُرسرار بیماری میں مبتلا ہیں جو علاج کے لیے کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔

اس خاندان میں شامل پانچ افراد جن میں دو بچے بھی شامل ہیں ، غربت کے ساتھ ساتھ معذوری نما پُراسرار بیماری میں مبتلا ہیں۔ گھر کے پانچوں افراد دماغی توازن بھی کھو چکے ہیں،گ ھر میں نہ تو کوئی کمانے والا ہے اور نہ ہی کوئی دیکھ بھال کرنے والا ہے۔ صرف ایک بوڑھی والدہ ہے جو صرف اہل محلہ کے رحم و کرم پر ہے۔

(جاری ہے)

یہ ضعیف خاتون اپنے بل بوتے پر ہی گھر میں موجود ان افراد کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔

اس ضعیف العمر خاتون نے اپنے اہل خانہ کے علاج کے لیےوزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے۔ خاتون کے گھر پر فاقوں کا راج ہے اور علاج کے لیے پیسے تو دور گھر سے شہر تک کے لیے کرایہ بھی جیب میں موجود نہیں ہے۔ بوڑھی خاتون کا کہنا ہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اہل خانہ کے افراد کا علاج کروا کر میری بوڑھی ہڈیوں میں جان ڈال دیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قبل ازیں ٹیبل ٹینس کی قومی کھلاڑی مہک کے علاج کی ہدایات جاری کی تھیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم پہلا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کے علاج کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ٹیبل ٹینس کی قومی کھلاڑی مہک کینسر کے مرض میں مبتلا ہے۔ مہک نے کئی ٹورنامنٹس جیتے۔

مہک کا تعلق ایک نہایت غریب گھرانے سے ہے۔ بچی کے والد سرکاری اسکول میں نائب قاصد ہیں۔ مہک کے والد نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ وہ مہک کے علاج میں تعاون کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کے علاج کے انتظامات کئے جائیں۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں