پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں اور پر امن و مستحکم افغانستان دیکھناچاہتا ہے

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی جنوبی و وسطی ایشیا کیلئے امریکہ کی پرنسپل معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 28 ستمبر 2018 18:44

پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں اور پر امن و مستحکم افغانستان دیکھناچاہتا ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2018ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں اور پر امن و مستحکم افغانستان دیکھناچاہتا ہے۔یہ بات انہوں نے جنوبی و وسطی ایشیا کیلئے امریکہ کی پرنسپل معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان پر امن اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، افغان حکومت کیساتھ رابطوں کیلئے پاکستان کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے افغانستان میں جامع سیاسی مصالحتی عمل سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغانستان میں حکومتی کنٹرول سے باہر علاقوں کے بارے میں پاکستان کی تشویش سے بھی آگاہ کیا جو دہشت گرد گروپ خطے میں دہشت گرد حملوں کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

سیکرٹری خارجہ نے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کی غرض سے پاکستان کے اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔معاون وزیر خارجہ ایلس ویلس نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی نئی حکومت کیساتھ کام کا خواہاں ہے جبکہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی حمایت ضروری ہے۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں