وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس، تفصیلی اور جامع اصلاحات پروگرام کیلئے وزیر مملکت حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی

جمعہ 19 اکتوبر 2018 00:00

وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس، تفصیلی اور جامع اصلاحات پروگرام کیلئے وزیر مملکت حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیر خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور اسد عمر نے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے جو رواں مالی سال کے اختتام سے قبل تفصیلی اور جامع اصلاحات کا پروگرام پیش کرے گی۔ کمیٹی میں ملک کے ممتاز ماہرین کو شامل کیا جائے گا اور یہ وسائل کے استعمال اور محاصل پیدا کرنے کے حوالہ سے قلیل، وسط اور طویل مدتی حکمت عملی اور اصلاحات کا ایجنڈا تیار کرے گی۔

یہ فیصلہ وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایف بی آر ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، فسکل پالیسی پر اکنامک ایڈوائزری گروپ کے سب گروپ کے ممبر ثاقب شیرانی، ڈاکٹر نوید حامد، ڈاکٹر اسد زمان، ممبر ٹیکس ریفارمز کمیشن اشفاق تولہ، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقادر میمن اور شبر زیدی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کا اجلاس ہر 15 دن بعد ہو گا جس میں محاصل جمع کرنے کے حوالہ سے حکمت عملی وضع کی جائے گی اور اس حوالہ سے قلیل اور وسط مدتی اقدامات تجویز کئے جائیں گے اور رواں مالی سال کے اختتام سے قبل اس کام کو مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ٹیکس قوانین کا ترجیحی بنیاد پر اردو میں ترجمہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں