وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی گئی

الیکشن ٹریبونل نے این اے 95 میانوالی میں وزیراعظم کے خلاف دائر انتخابی عذرداری پر فیصلہ سنا دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 6 دسمبر 2018 19:32

وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی گئی
میانوالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2018ء) وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی گئی، الیکشن ٹریبونل نے این اے 95 میانوالی میں وزیراعظم کے خلاف دائر انتخابی عذرداری پر فیصلہ سنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق این اے 95 میں وزیراعظم کے خلاف دائر انتخابی عذرداری پر فیصلہ سنا دیا گیا۔ الیکشن ٹربیونل نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر کردہ درخواست خارج کر دی۔

عدالت نے وزیراعظم کی اہلیت پر اٹھائے گئے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے درخواست خارج کی۔ این اے 95 میانوالی کے ووٹر عبدالوہاب بلوچ نے وزیراعظم عمران خان کی حلقہ این اے 95 سے کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنے بچوں کے بارے میں تمام معلومات فراہم نہیں کیں اور انہوں نے الیکشن ایکٹ 2017 ء پر عملدرآمد نہیں کیا۔

(جاری ہے)

عدالت سے استدعا کی گئی کہ وزیراعظم عمران خان کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا جائے اور این اے 95 میانوالی میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا جائے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے انتخابی عذداری کے قابل سماعت نہ ہونے پر اعتراض کیا تھا۔ بابر اعوان کا کہنا تھا انتخابی عذرداری قابل سماعت نہیں ہے کیونکہ انتخابی عذرداری دائر کرتے ہوئے درخواست گزار نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔

 چونکہ انتخابی عذرداری مقررہ وقت کے بعد دائر کی گئی اس لیے یہ قابل سماعت نہیں ہے۔ انتخابی عذرداری کی تصدیق لاہور کی بجائے اسلام آباد کے اوتھ کمشنر سے کروائی گئی جبکہ درخواست گزار کراچی کا رہائشی ہے۔ اس لیے درخواست گزار لاہور ہائی کورٹ میں ایسی درخواست دائر نہیں کر سکتا۔ بابر اعوان کے دلائل کے بعد عدالت نے وزیراعظم کی نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج کردی۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں